اسلام آباد (اننت ناگ )//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پیر کے روز ذہنی طور پر معذور ایک معمر شخص کو اْس وقت حراست میں لیا گیا جب اس نے ایک سی آ رپی ایف اہلکار سے اس کی سروس رائفل چھیننے کی کوشش کی۔ تاہم اسے دبوچ کر پولیس کے حووالے کردیا گیا جہاں اسے رہا کردیا گیا۔ قصبہ اننت ناگ کے لال چوک میں اس وقت عجیب صورتحال پیدا ہوئی جب قصبہ میں پابندیوں کو سختی سے نافذ کرنے کے لئے تعینات ایک سیکورٹی فورس اہلکار سے ایک معمر شخص نے گیس گن چھیننے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز کی جانب سے دبوچے جانے اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد مذکورہ معمرشخص کو پولیس نے رہا کردیا۔ ایس ایچ ائو اننت ناگ ایاز گیلانی نے بتایا کہ65سالہ معمرشخص کی دماغی حالت ٹھیک نہیں تھی اور اس نے ایک سی آ رپی ایف اہلکار کا گیس گن چھیننے کی کوشش کی۔ انہوںنے کہا کہ پوچھ تاچھ کے بعد اسے رہا کردیا گیا۔