شاہد ٹاک+ارشاد احمد +اشرف چراغ
پلوامہ+ سرینگر+ کپوارہ // پلوامہ میں سی آر پی ایف افسر کی رائفل چھیننے والے نوجوان کو اہل خانہ کی مدد سے واپس لایا گیا۔ادھر حول سرینگرمیں دستی بم دھماکہ میں ایک شہری زخمی ہوا جبکہ کرالہ گنڈ ہندوارہ میں دھماکہ کی آواز کے بعد تلاشی لی گئیں۔
رائفل چھیننے کا واقعہ
بیلو در گنڈ راجپورہ پلوامہ کے اس 25سالہ نوجوان کو اہل خانہ کی مدد سے واپس لایا گیا جس نے دن دہاڑے ایک سی آر پی ایف افسر سے رائفل چھین لی تھی اور فرار ہوا تھا۔اس واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کی اور مقامی لوگوں کی مدد سے نوجوان کی نشاندہی کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ صبح پونے 12بجے راجپورہ چوک میں نوجوان سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی رائفل لے کر بھاگ گیا۔ اہلکار علاقے میں سی آر پی ایف گشت کا حصہ تھا۔حکام نے بتایا کہ علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اہل خانہ کی مدد سے پولیس نوجوان کو واپس لانے میں کامیاب ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 25سالہ عرفان بشیر گنائی عرف صابہ گنائی ولد بشیر گنائی کو اے کے 47رائفل سمیت واپس لایا گیا جو ہتھیار اس نے اتوار کی صبح چھین لیا تھا۔پولیس نے مذکورہ نوجواں کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کی ہے۔ انہوں نے اہل خانہ کے رول کی تعریف کی۔
گرینیڈ دھماکہ
اتوار کی شام سرینگر ہول چوک کے نزدیک سی آر پی ایف بنکر پر نامعلوم افراد کی طرف سے گرینیڈ پھینکے جانے سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ حول چوک کے قریب سی آر پی ایف 28بٹالین بنکر کی طرف ملی ٹینٹوں نے گرینیڈ پھینکا تاہم، دستی بم مطلوبہ ہدف سے چوک گیا اور سڑک کے کنارے پھٹ گیا۔پولیس نے مزید کہا کہ اس واقعے میں سمیر احمد ملہ ولد منظور احمد ملہ ساکن حبک نامی شہری کو معمولی چوٹیں آئیں، اسے فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔اس دوران حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ۔ادھر ہندوارہ کے گنہ پورہ، کرالہ گنڈ علاقے میں اتوار کی شام سوا 7بجے علاقے میں ‘دھماکے کی آواز’ سنی گئی۔ اس کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں دھماکے کی آواز کے بعد خوف وہراس پھیل گیا اور پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ مشترکہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکہ کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔