جموں //خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے محکمہ کے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی تقسیم کاری نظام میں شفافیت اور جواب دہی یقینی بنانے کیلئے مزید لگن کے ساتھ کام کریں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار نگروٹہ کے اناج گودام کے اچانک معائینے کے دوران کیاجہاں انہوں نے وہاں دستیاب راشن کے معیار اور مقدار کا جائزہ لیا۔محکمہ کے ناظم برائے جموں آر اے انقلابی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریڈ اینڈ سٹور جموں انکش ہنس اور دیگر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔گودام کے معائینے کے دوران وزیر نے افسروں کو فوڈ کارپوریشن آف انڈیا سے حاصل کئے جانے والے اناج کے معیار کی جانچ کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ اناج کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تساہل پسندی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وزیر نے صوبہ جموں کے لوگوں کی سہولیت کے لئے صوبے کے تمام حصوں میں گندم ، چاول ، کھانڈ اور دیگر غذائی اجناس کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دور دراز علاقوں میں غذا ئی اجناس کی سپلائی پر بھی نگاہ رکھنے کی افسران کو تلقین کی۔وزیر نے کہا کہ حکومت غذائی اجناس کی تقسیم کاری کے نظام میں بہتری لانے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں مطلوبہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سے قبل وزیر نے نگروٹہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریڈ اینڈ سٹور محکمہ کا بھی دورہ کیا۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو سٹاک رجسٹر میں تمام مطلوبہ اندر اجات کرنے کی ہدایت دی۔