سرینگر//خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات و رابطہ عامہ کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کل محکمہ ناپ تول کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو ماہ رمضان کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔کل یہاں ایک جائزہ میٹنگ کے دوران بولتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ رمضان کے دوران کھانے پینے کی اشیاءکی مانگ میں اضافہ ہوتا ہے لہٰذا ان کی دستیابی کو یقینی بنانے اور ذخیرہ اندوزی وناجائز منافع خوری پر قابو پانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جانے چاہئےں۔ذوالفقار علی نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ ریاست بھر میں دوہرے ایم آر پی معاملے پر نگاہ رکھی جارہی ہے اورمصنوعات و اشیاءکے مساوی ایم آر پی کو یقینی بناجارہا ہے۔ وزیر موصوف نے اس سلسلے میں ایک موزون میکانزم ترتیب دینے کی ہدایت دی۔ریاست بھر میں مارکیٹنگ چیکنگ میں وسعت لانے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس عمل کو فقط ایک علاقے تک محدود نہیں رکھا جانا چاہئے بلکہ مارکیٹنگ چیکنگ پوری ریاست میں کی جانی چاہئے۔میٹنگ کے دوران وزیر نے کشمیر صوبے میں محکمہ کی جانب سے جرمانہ وصول کرنے کی صورت میں حاصل کی گئی آمدن کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں۔انہوںنے صوبے کے مختلف اضلاع کے متعلقہ اسسٹنٹ کنٹرولروں اور انسپکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ لگن اور تن دہی کے ساتھ کا م کرکے اپنے فرائض بحسن خوبی انجام دیں اور لوگوں کو خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔وزیرموصوف نے محکمہ ناپ تول کے کنٹرولر وپرا بہل کو ہدایت دی کہ وہ پوری ریاست میں قائم پیٹرو ل پمپوں کا معائینہ کریں تاکہ کوئی بھی شخص پیٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ نہ سکےں۔بعد میں وزیرموصوف نے خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران عوامی تقسیم کاری نظام کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں محکمہ کے سیکرٹری شفیق رینہ ، ناظم جموں / کشمیر اور دیگر افسران موجود تھے۔