جموں//اطلاعات، خوارک و سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت نے سٹیٹ اکاؤنٹیبلٹی کمیشن، سٹیٹ ویجی لنس کمیشن، سٹیٹ انفارمیشن کمیشن اور کئی دیگر اداروں کو مستحکم کیا اور انہیںریاست میں ایک شفاف اور رشوت خوری سے پاک نظام یقینی بنانے کا کام سونپا۔وزیر گورنمنٹ زنانہ ڈگری کالج گاندھی نگر میں’’ جموں وکشمیر ایگینسٹ کورپشن‘‘ کے دوسرے یوم تاسیس تقریبات پر خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ رشوت خوری سے نظام اندر ہی اندر سے کھوکھلا ہوجاتا ہے اور ہر ایک کو یہ ذمہ داری سمجھنی چاہئے کہ ملک اور ریاست کو رشوت خوری سے نجات دلائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نظام کو صاف و شفاف بنانے کے لئے کئی تاریخی قدم اُٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کو ان بدعات سے پاک کرنے میں ہر شہری کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔بعد میں سماجی کارکنوں، معزز شہریوں اورطُلاب کو سماج میں رشوت خوری کے اثرات کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لئے اُن کی کوششوں کے لئے ان کی عزت افزائی کی گئی۔قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا، چیئرپرسن سٹیٹ سوشل ویلفئیر بورڈ نرمل کمل، ایم ایل سی پردیپ شرما اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔