راجوری//خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے نوشہرہ کا دورہ کر کے راجوری ضلع میں کراس باڈر فائرنگ سے متاثرہ افراد کے لئے گورنمنٹ بوائز ہائیرسکینڈری سکول میں قائم کئے گئے ریلیف کیمپوںمیں انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ایم ایل سی سریندر چودھری ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرشاہد اقبال چودھری، ڈائریکٹر امور صارفین جموں آر اے انقلابی اور دیگر پولیس و سول افسران تھے۔وزیر کو بتایا گیا کہ سرحدی دیہات جھنگڑ، سریہ ،کھمبا ، مکری اور ملحقہ دیہات کے تقریباً 1114 افراد کو ان کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ صورتحال کی نگرانی کرنے کے لئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔وزیر نے متاثرہ افراد سے بات کر کے ریلیف کیمپوں میں ان کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔انہیں تباہ شدہ فصل کے لئے معاوضہ فراہم کرنے ، کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کرنے ، بنکروں کی فوری ضرورت ، سرحدی اضلاع میں رہنے والے نوجوانوں کے لئے تعیناتی مہمات چلانے سرحدی اضلاع میں رہنے والے شلنگ سے متاثرہ افراد کے لئے مستقل اراضی فراہم کرنے اور زخمی مویشیوں کے علاج کے لئے ڈاکٹروں کی دستیابی جیسے امور کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہوں نے شلنگ سے جان و مال اور زراعت کو پہنچے نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے متاثرین کو سرکار کی طرف سے ہرممکن مدد کی یقین دہانی دی۔بعد میں وزیر نے ضلع کے سول اور پولیس افسران کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کر کے متاثرین افراد کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کی طرف سے فائرنگ سے متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی سراہنا کی ۔ انہوں نے افسران کو کیمپوں میں حاضر رہنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو تمام بنیادی خدمات بغیر کسی دشواری کے دستیاب کی جاسکیں۔انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں مویشیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کے سلسلے میں مالکان کو ریلیف فراہم کرنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔