کرگل// خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے آج کرگل میں پردھان منتری اجوالا یوجنا ( پی ایم یو وائی) کا آغاز کیا اور غریبی کی سطح سے نیچے گزر بسر کرنے والے کنبوں میں گیس کوپن تقسیم کئے۔اس سکیم کے تحت پی بی ایل کنبوں کی خواتین کو مفت رسوئی گیس کنکشن فراہم کئے جاتے ہیں۔چیئرمین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی ، چیف ایگزیکٹیو کونسلر کاچو احمد علی خان،ایگزیکٹیو کونسلر محکمہ خوراک تنزن سونم ، ایگزیکٹیو کونسلر تعلیم و بجلی ایڈوکیٹ محمد عامر ، ڈائریکٹر محکمہ خوراک نثار احمد وانی ،ڈپٹی کمشنر کرگل حاجی گلزار حسین ، تیل کمپنیوں کے نمائندوں و دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہاکہ کرگل ریاست کا 22واں ضلع ہے جہاں اس سکیم کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔سکیم کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے کہا کہ دور دراز گائوںمیں رہنے والے لوگوں کو بغیر دھوئیں کے کھاناپکانے کی سہولیت فراہم کی جارہی ہے ، ساتھ میں اس سکیم کی بدولت خواتین کی صحت ٹھیک رہنے کا بھی تہیہ کیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں 8040غریب پریواروں میں سے 2802 کنبوں کو پہلے مرحلے میں مفت رسوئی گیس کنکشن فراہم کیا جارہا ہے۔حکومت کے کلی ترقی کے عزم کو دہراتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاست کے تینوں خطوں کی مساوی ترقی کی وعدہ بند ہے ۔اس موقعہ پر وزیر نے ضلع میں ایک گیس بوٹلنگ پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کیا۔وزیر نے کہا کہ ریاست کے لئے 56نئی گیس ایجنسیوں کو منظوری دی گئی ہے جن میں سے کچھ گیس ایجنسیاں دراس ،زنسکار اور کرگل میں بھی کھولی جائیں گی۔ضلع میں ایک پیٹرول اور ڈیزل ڈیپو کے کھلنے کے علاوہ وزیر نے 6نئے پیٹرول پمپ قائم کرنے کا اعلان کیا۔بعد میں چیئرمین قانون ساز کونسل اور چیف ایگزیکٹیو کونسلر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور ضلع میں سکیم کے آغاز کیلئے وزیر شکریہ ادا کیا۔