جموں //خوراک ، سول سپلائیز ، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے آج جموں میں میڈیا کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ سیکرٹری اطلاعات ایم ایچ ملک ، ناظم اطلاعات ڈاکٹر ارون منہاس ، جوائینٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں منیشا سرین ، ڈپٹی ڈائریکٹر ااطلاعات ( ہیڈ کوارٹر ) جموں پرینکا بٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات ( پی آر ) جموں اولین کور اور محکمہ کے کچھ دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ وزیر موصوف نے محکمہ کی مختلف سیکشنوں کا معائینہ کر کے وہاں ملازمین کے ساتھ استفسار کیا انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری ریکارڈ کے مناسب رکھ رکھاؤ کو یقینی بنائیں اور اس عمل میں ڈیجٹلائیزیشن کو بھی بروئے کار لایا جانا چاہئیے ۔ ذوالفقار علی نے جانکاری دینے کے عمل میں ڈیجٹل میڈیا کو ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے آج کل کے دور میں وقت کے ساتھ رفتار رکھنے کیلئے ٹیکنالوجی کے نئے تقاضوں کو استعمال میں لایا جانا چاہئیے۔ وزیر نے کہا کہ ستکار کی طرف سے ہاتھ میں لی گئی ترقیاتی اور فلاحی سکیموں کو موثر انداز سے اجاگر کرنے کی بھی وکالت کی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی مختلف شاخوں کے مابین بہتر تال میل سے ریاست میں آرٹ اور ثقافت کو بھی فروغ حاصل ہو گا اور ایسا کرنے سے لوگوں میں بیداری بھی پیدا کی جا سکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کو اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر لوگوں تک پہنچنا چاہئیے ۔ ذوالفقار نے ریاست میں مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرنے کیلئے متواتر طور پر فوٹو نمائشیں منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں پیشہ وارانہ افرادی قوت اور بہتر بنیادی ڈھانچے کو وسعت دے کر اسے مزید مستحکم کیا جا سکے تا کہ متعلقین تک وقت پر جانکاری پہنچائی جا سکے ۔ انہوں نے محکمہ کے اشتہارات سیکشن کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا اور کہا کہ اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کاری کو ہر صورت میں یقینی بنایا جانا چاہئیے ۔