جموں //خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے آج جموں شہر کے کئی فئیر پرایس دکانوں کا معائینہ کر کے صارفین کو فراہم کئے جانے والے غذائی اجناس کے معیار کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے محکمہ کے افسران کے ہمراہ استاد محلہ ، بخشی نگر ، بھگوتی نگر ، تالاب تلو ، نیو پلاٹ اور قدیم شہر کے کئی علاقوں میں فئیر پرائس دکانوں کا معائینہ کیا ۔ دکانوں میں سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے راشن ڈیلروں کو غذائی اجناس حاصل کر کے صارفین میں تقسیم کرنے کی ہدایت دی تا کہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں 4388 فئیر پرائس دکانیں کھولنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے جس میں سے 547 دکانیں جموں ضلع میں کھولی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نئی دکانیں ہر دو کلو میٹر کے فاصلے پر کھولی جائیں گی تا کہ زیادہ سے زیادہ 250 کنبے ایک دکان سے راشن حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم صارفین کی سہولت کیلئے اٹھایا جا رہا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست کے لوگوں کو راشن فراہم کرنے کیلئے سالانہ 735 کروڑ روپے خرچ کرتی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین میں راشن کارڈ تقسیم کر رہی ہے اور صارفین کی آدھار سیڈنگ کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ریاست بھر میں آدھار سیڈنگ کیلئے کیمپ شروع کئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ 27 جولائی تک جاری رہے گا ۔ وزیر نے ناپ تول اور خوراک محکموں کے افسروں پر مشتمل ایک سکارڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی تا کہ فئیر پرائس دکانوں کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھی جا سکے ۔ دریں اثنا وزیر نے بخشی نگر میں محکمہ کے ایک انسپکٹر کو فرایض کی انجام دہی میں کوتاہی برتنے پر معطل کرنے کے احکامات دئیے ۔ محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین کے ناظم جموں آر اے انقلابی ، کنٹرولر لیگل میٹرالوجی منوج پربھاکر اور دیگر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے ۔