جموں //خوراک ، شہری رسدات اور امو ر صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے تیل کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے مختلف اضلاع میں تیل ڈیپوﺅں اور بوٹلنگ پلانٹ کی تعمیر کا کام شروع کریں ۔ایک جائزہ میٹنگ کے دوران وزیر نے بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمٹیڈ، انڈین آئیل کارپوریشن لمٹیڈ اور ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمٹیڈ کے نمائندوں ، جنہوں نے اس میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ، کو اس سلسلے میں اننت ناگ ، کرگل ،راجوری اور لیہہ اضلاع میں زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔کام کو فوری طور شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان اضلاع میں تیل ڈیپو قائم کرنا لازمی ہے او راس سے ان علاقوں میں تیل کی قلت پر قابو پایا جاسکے۔وزیر نے کہا کہ ریاستی عوام کے لئے تیل اور گیس کے علاوہ ضروری اشیائے کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر خطے کی مجموعی ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاست کے ہر ایک علاقے کو اشیائے ضروریہ کی وافر اور مطلوبہ مقدار فراہم کی جانی چاہئیں۔میٹنگ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید عابد رشید نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے 6مختلف مقامات پر پہلے ہی 70کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے۔راجوری کے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے بتایا کہ ضلع میں اس مقصد کے لئے 165کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو کام آگے بڑھانے کے لئے تکنیکی ماہرین کا انتظار ہے۔دریں اثناءکرگل کے ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کو بتایا کہ 71کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور ضلع انتظامیہ اس سلسلے میں لوازمات کو پورا کر رہی ہے ۔میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے تیل کمپنیوں کو جلد از جلد لوازمات پورا کرنے کی ہدایت دی تاکہ ریاست کے لوگ اس سکیم سے مستفید ہوسکیں۔وزیر موصوف نے جموں میں ریلوے ہیڈ کے نزدیک قائم آئیل ڈیپو کو منتقل کرنے کے سلسلے میں جموں کے ضلع ترقیاتی کمشنر راجیو رنجن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اس معاملے پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر نے آئیل ڈیپو کو عوامی سلامتی کے مد نظر منتقل لازمی قرار دیا۔انہوں نے اس عمل کو مکمل کر نے کے لئے سرگرمیوں میں سرعت لانے کی ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے لئے عوام کی سلامتی پہلی ترجیح ہے اور اس معاملے میں کوئی بھی سمجھو تہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے تیل کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبود کے کاموں میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کو تعلیمی اور طبی شعبوں میں کارپوریٹ سوشل ریسپارنسبلٹی کے تحت منصوبے ترتیب دینے چاہئیے۔میٹنگ میں محکمہ خوراک و امور صارفین کے سیکرٹری شفیق رینہ ، محکمہ ناپ تول کے کنٹرولروپرا بہل ،محکمہ خوراک کے ناظم کشمیر نثار احمد وانی، کاڈی نیٹر آئی او سی ایل ہری انوپم ، سینئر ریجنل منیجر ایچ پی سی ایل اعجاز کاچرو، سینئر منیجر بی پی سی ایل راجیش شرما کے علاوہ کئی دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔