جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور قبائلی امور چودھری ذوالفقار علی نے متعلقہ حکام کو خانہ بدوش قبائل کی باز آباد کاری اور منتقلی کیلئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر متعلقہ افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں درجہ فہرست قبائل کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مسائل پر غور و خوض کر رہے تھے ۔ میٹنگ میں ریاستی مشاورتی بورڈ برائے ترقیِ گُجر و بکروال ، چودھری ظفر علی کھٹانہ ، ڈویژنل کمشنر جموں ایم کے بھنڈاری ، کمشنر سیکرٹری محکمہ امور قبائل کفاعیت حسین رضوی ، ڈپٹی کمشنر سانبہ شیتل نندا ، وائس چئیر مین جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی راجیش کمار ، ڈائریکٹر امور قبائل محمد رفیع ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جموں ارون منہاس اور سول انتظامیہ و پولیس سے وابستہ اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ وزیر نے ڈپٹی کمشنروں اور وائس چئیر مین جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت دی کہ وہ مال مویشی ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے والے خانہ بدوشوں کو خواہ مخواہ حراساں نہ کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ امور قبائل کو خانہ بدوشوں کے انخلاء کی مہم سے متعلق فیصلوں میں شامل کیا جانا چاہئیے ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو اپنے حدِ اختیار والے اضلاع میں خانہ بدوش آبادی کے عداد و شمار جمع کرنے کیلئے سروے دو ماہ کی مدت کے اندر مکمل کرنے کیلئے کہا تا کہ اُن کی باز آباد کاری کیلئے ایک جامع پالیسی مرتب کی جا سکے ۔بعد میں وزیر نے ضلع انتظامیہ کو حال ہی میں گول گجرال میں پیش آئے واقعہ کی مجسٹریل انکوائری کرنے کی ہدایت دی اور افسران کو اس حادثے کیلئے ذمہ داروں کی نشاندہی کر کے اُن کے خلاف قانون کے تحت کاروائی کرنے کیلئے کہا ۔