لکھنؤ//ہاتھرس میں گوشت کی کچھ دکانوں پر مارپیٹ کے بعد اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس کو ریاست میں ذبح خانوں کی صورتحال کا تجزیہ کرنے کے لئے منصوبہ عمل تیار کرنے کی ہدایات دی ہیں۔وزیراعلی نے سینئر افسران کی میٹنگ میں کہا کہ گایوں کی اسمگلنگ کسی قیمت پربرداشت نہیں کی جائے گی ۔ اسے ہر حال میں بند کروانا ہی ہوگا۔ انہوں نے ریاست بھر میں سلاٹر ہاؤس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ سلاٹر ہاؤس کی قانونی صورتحال کی معلومات بھی فراہم کرانے کے لئے کہا گیا ہے ۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ غیر سماجی عناصر پر ہر حال میں کاررورائی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے انتہائی اہم شخصیات کی سلامتی کے جائزے کی بھی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اس میں تبدیلی بھی کی جائے گی۔ دریں اثنا کابینی وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ غیر قانونی طور سے چل رہے تمام سلاٹر ہاؤس بند ہوں گے ۔ اس میں کوئی لیعت ولعل برداشت نہیں کی جائے گی۔ ریاست کے عوام سے وعدہ بھی کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھرس کے واقعہ کے بارے میں مجھے معلوم نہیں ہے ۔ وزیراعلی پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ خوشی میں تشدد برداشت نہیں ہوگا ۔ قانون کسی کو بھی ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ کل رات ہاتھرس میں گوشت کی تین دوکانوں میں کئی گئی توڑ پھوڑ سے وہاں کشیدگی کا ماحول ہے ۔ سدھارتھ ناتھ سنگھ آنجہانی وزیراعلی لال بہادر شاستری کے نواسے ہیں۔ انہوں نے اپنی سرکاری گاڑی سے ہوٹر اتروا دیا تھا۔ یو این آئی۔