ترال//جنگجو کمانڈرذاکر موسیٰ کے آبائی گاﺅں نور پورہ ترال کا محاصرہ کرتے ہوئے فورسز نے مشترکہ طور پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ،جس دوران یہاں تشدد بھی بھڑک اٹھا ۔مشتعل مظاہرین نے فورسز پر پتھراﺅ کیا جبکہ جوابی کارروائی میں فورسز نے شدید ٹیر گیس شلنگ کی ۔رات دیر گئے تک گاﺅں کا محاصرہ جاری تھا ۔ جنوبی کشمیر میں جاری آل آوٹ آپریشن کے تحت فوج وفورسز نے نور پورہ ترال کا محاصر ہ کرکے تلاشی کارروائی شروع کردی ۔ نور پورہ ترال میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع پر فوج وفورسز نے گاﺅں کا محاصرہ کیا ۔تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گاﺅں میں ذاکر موسیٰ موجود ہے یا نہیں ۔جونہی فوج وفورسز نے گاﺅں کا محاصرہ کیا ،تو نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل آئی ،جنہوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے فورسز نے ان کا تعاقب کیا ۔اس دوران مظاہرین مشتعل ہوئے جنہوں نے فورسز پر پتھراﺅ کیا ۔جوابی کارروائی میں فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتر بتر کرنے کےلئے ٹیر گیس شلنگ کی اور یہ سلسلہ آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ۔اس دوران بعد نمازجمعہ نودل اور بٹہ گنڈ میں بھی تشدد بھڑک اٹھا ۔ یہاں حالیہ جنگجوﺅں اور طالب علم کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،جس دوران مظاہرین نے فورسز پر پتھرا ﺅ کیا ،جوابی کارروائی میں فورسز نے شدید ٹیر گیس شلنگ کی ۔