سرینگر/حفاظتی ایجنسیوں کو ان خفیہ اطلاعات کے بعد چوکنا کیا گیا ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ کشمیری جنگجو ،ذاکر موسیٰ پنجاب کے فیروز پور ضلع میں بٹھنڈی علاقے میں چھپا ہوا ہے۔
سراغرساں ایجنسیوں کی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ سکھ کے بھیس میں گھوم رہا ہے۔
موسیٰ غزوة الہند نامی جنگجو تنظیم کا سربراہ ہے جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک بین الاقوامی عسکری گروہ، القاعدہ کا حصہ ہے۔
اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ فوج، پنجاب پولیس اور پیرا ملٹری اہلکاروں کو بٹھنڈا ریلوے سٹیشن اور دیگر اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے اور آج صبح سے چیکنگ کا سلسلہ بھی تیز تر کیا گیا ہے۔
فورسز نے پوسٹر بھی جاری کئے ہیں جن میں سکھ کے بھیس میں موسیٰ کو پگڑی پہنے دکھایا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی ماہ نومبر میں پنجاب کے گورداسپور اور امرتسر علاقوں میں موسیٰ کے پوسٹر جاری کئے گئے تھے۔
جنگجو بننے سے قبل موسیٰ2010سے2013تک پنجاب کے موہالی ضلع میں قائم ایک ادارے میں طالب علم رہا ہے۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ وہ موسیٰ کو پکڑنے کیلئے متحرک ہوگئے ہیں۔