نئی دہلی// وزیراعظم نریندرمودی نے نوجوانوں سے ملک کو ذات پات ،فرقہ ،دہشت گردی اور بدعنوانی کے زہر سے پاک کرکے 'نئے ہندستان ' کی تعمیرکی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امن اور خیر سگالی ہی ہماری محرک طاقت ہونی چاہئے ۔ مسٹر مودی نے نئے سال کے موقع پر آل انڈیا ریڈیو سے آج نشر ہوئے 'من کی بات 'پروگرام میں کہا کہ 21ویں صدی کے ہندستان میں امن ،خیر سگالی اور اتحاد ہی ہماری محرک طاقت ہونی چاہئے ۔نئے ہندستان کو گندگی اور غریبی سے پاک ہوناچاہئے جہاں سب کے لئے یکساں مواقع ہوں اور سبھی کی امیدیں اور آرزویں پوری ہوں ۔ مسٹر مودی نے ووٹ کی طاقت کو جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت بتاتے ہوئے کہا کہ لاکھوں لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے ووٹ سب سے موثر وسیلہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ نوجوان ہندستان کی 21ویں صدی کے معمار بن سکتے ہیں اور اسکی شروعات یکم جنوری سے ہورہی ہے ۔وزیراعظم نے 15اگست کے آس پاس دہلی میں 'ماک پارلیمنٹ ' منعقد کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ہر ضلع سے منتخب ایک نوجوان اس موضوع پر بحث کرے کہ کیسے آئندہ پانچ برسوں میں ایک نئے ہندستان کی تعمیر کی جاسکتی ہے اور سنکلپ سے سدھی کیسے حاصل کی جاسکتی ہے ۔ یواین آئی