سرینگر // ریاستی پولیس نے اُن تمام ایس پی اوز کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات صادر کئے ہیں جو بطور ذاتی محافظین تعینات کئے گئے تھے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس سیکورٹی، لاء اینڈ آرڈر منیر احمد خان کی طرف سے ریاست جموں و کشمیر کے تمام ضلع و پولیس ڈویژنوں کے ایس ایس پیز، ایس ایس پی سیکورٹی کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اُن تمام سپیشل پولیس افسروں(ایس پی اوز) کو فوری طور پر ہٹانے کا عمل مکمل کریں ، جنہیں کسی شخص کی ذاتی حفاظت پر تعینات کیا گیا ہے۔احکامات میں یہ بات کہی گئی ہے ’’ یہ بات محسوس کی گئی ہے کہ کچھ ایس پی اوز زیر حفاظت اشخاص کی ذاتی سیکورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں، جو سیکورٹی قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں، کیونکہ یہ لوگ تربیت یافتہ نہیں ہوتے ہیں‘‘۔احکامات میں مزید کہا گیا ہے’’ کوئی پولیس یونٹ یا کوئی ضلع پولیس سربراہ کسی بھی ایس پی اوز کو زیر حفاظت اشخاص کی ذاتی حفاظت پر تعینات نہیں کریں گے، تاہم یہ احکامات بطور ڈرائیور کام کررہے ایس پی اوز پر لاگو نہیں ہونگے‘‘۔ریاست کے تمام ڈ پٹی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس(ڈی آئی جی) کو ہدایات دی گئی ہے کہ وہ تمام اضلاع میں ہٹائے گئے ایس پی اوز کی ایک لسٹ 5اکتوبر تک ہیڈکوارٹر روانہ کریں۔احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ایس پی او ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتا ہے، تو اسکی تنخواہ واگزار نہیں کی جائے، نیز انکی فہرست معہ تفصیلات ہیڈکوارٹر کو فراہم کی جائے تاکہ انہیں نوکریوں سے برخواست کیا جاسکے۔