عظمیٰ نیوز سروس
جیسلمیر //سرحدی سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے پیر کو بین الاقوامی سرحد پر دیوالی کا جشن موم بتیاں، دیے جلا کر اور پٹاخے پھوڑ کر منایا۔اس موقع پر 122 بٹالین کے کمانڈنٹ مکیش پنوار نے کہا کہ وہ یہ تہوار ایک خاندان کی طرح منا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا، “ہم بین الاقوامی سرحد پر دیوالی کو پورے جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں، بالکل ایک خاندان کی طرح۔”پنوار نے جاری آپریشن سندور پر بھی تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا، “آپریشن سندور 2 ابھی دور کی بات ہے، کیونکہ آپریشن سندور 1 ابھی جاری ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ یہی وزیر اعظم کے وڑن کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔ ہماری کارروائیاں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوتیں، بلکہ ان کے خلاف ہوتی ہیں جو دہشت گردی کے نظریے پر یقین رکھتے ہیں۔”دیوالی کے اس موقع پر بی ایس ایف کے جوانوں نے بتایا کہ انہوں نے رنگولیاں بنائیں، دیے جلائے، پٹاخے پھوڑے اور خوشیاں بانٹیں۔ ان کے کمانڈر کی جانب سے ہیڈکوارٹر سے مٹھائیاں اور پٹاخے بھیجے گئے تھے۔ایک اہلکار نے کہا، “اگر ہمیں دشمن دکھائی دے تو ہمارا اصول ہے — ‘ایک گولی، ایک دشمن’۔ لیکن آج ہم روشنی اور خوشی کے ساتھ جشن منا رہے ہیں۔”اسی دوران بھارتی فوج کے سپاہیوں نے بھی اخنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دیے جلا کر اور پٹاخے پھوڑ کر دیوالی منائی۔ فوجی افسران نے اس موقع پر پوجا بھی کی۔پنجاب کے امرتسر کے اٹاری بارڈر پر بھی بی ایس ایف کے افسران نے آتش بازی کر کے دیوالی منائی۔