سرینگر//وزیر برائے دیہی ترقی، پنچائتی راج نظام اور قانون و انصاف عبدالحق نے کل دیہی علاقوں میں رورل سینی ٹیشن، دیہی ترقی محکمہ اور قومی دیہی روز گار مشن کے تحت جاری سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے لئے تیاریوں کا کل یہاں شیر کشمیر انٹر نیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہ میٹنگ میں جائیزہ لیا۔ میٹنگ میں ناظم دیہی ترقی کشمیر، ناظم دیہی ترقی جموں، ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن، مشن ڈائریکٹر قومی دیہی روز گار مشن اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔دوران میٹنگ وزیر نے افسران کو بلاک سطح پر سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلان کی تنصیب کے لئے جگہ کی نشاندہی کرنے کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی تا کہ ضلع سطح پر سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کا بوجھ کم ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن گئی ہے اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک جامع میکانزم پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے جموں صوبہ کے بشناہ بلاک میں کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے عمل کو غیر مرکوز کیا ہے جس کے تحت گھریلو کوڑا کرکٹ کو الگ طور کمپوسٹ کیا جاتا ہے اور س طرح محفوظ طور اسے ٹھکانے لگایا جاتا ہے اور پورے عمل کے لئے ایم جی نریگا کے تحت رقومات فراہم کی جاتی ہیں۔وزیر نے مزید کہا کہ پروجیکٹ کا مقصد ماحول کو صاف اور صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے لئے بھی روز گار کے مواقعے فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ سے کوڑا کرکٹ کاجمع کرنے کی برسوں پرانی روائت کو ختم کیا جارہا ہے اور اس کے برعکس اسے آمدن کے حصول کا ذریعہ بھی بنایا جارہا ہے۔محکمہ دیہی ترقی نے درجنوں مقامی ورکروں کو کوڑا کرکٹ کو جمع کر کے الگ الگ کرنے کے لئے کام پر لگایا ہے۔ کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے بعد غیر حیاتیاتی اشیاء بشمول پلاسٹک، کاغذ، ٹین اور پولیتھن وغیرہ کو پیک کر کے ری سائکلنگ کے لئے بھیجا جاتا ہے۔عبدالحق نے کہا کہ یہی عمل دیگر بلاکوں میں بھی ماحول کو صاف و شفاف بنانے کے لئے ا ختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت دیہی علاقوں میں ویسٹ منیجمنٹ کے لئے کوئی معقول میکانزم نہیں ہے اور کوڑا کرکٹ کو کھلے میدانوں اور ندیوں کے کناروں پر جمع کیا جاتا ہے اس طرح آبی ذخائیر آلودہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عنقریب پنچائتی سطح پر کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے ایک میکانزم اختیار کرہی ہے اور حکومت کوڑا کرکٹ کو اصل جگہ پر بھی الگ کرنے کی لوگوں کو ترغیب دے گی۔وزیر نے افسران کو اراضی کی نشاندہی اور دیگر لوازمات کے حصول کے عمل میں سرعت لانے کے لئے کہا تا کہ کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا عمل جلد شروع کیا جاسکے۔افسروں نے وزیر کو اس عمل کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے یقین دلایا کہ یہ عمل مقررہ مدت کے اندر ہی پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔