سید اعجاز
ترال // قومی دیہی روزگار مشن (NRLM) نے ترال سب ضلع میں محکمہ زراعت کے تعاون سے علاقے میں سبزیوں کی پیداوار بڑھانے اور مقامی خواتین کے لیے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ہائی ٹیک پولی ہاؤسز قائم کئے ہیں، جن کی مدد سے خواتین کو روز گار کمانے میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور جس پر وہ مطمئن اور خوش نظر آ رہی ہیں ۔حکام کے مطابق، NRLM نے محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر ترال کے دیور اور اور آری گام گاؤں میں پولی ہاؤسز قائم کئے ہیں، جہاں مختلف قسم کی سبزیاں مقامی خواتین کے ایک گروپ کے ذریعے کاشت کی جا رہی ہیں، جو NRLM کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت کام کر رہی ہیں۔عہدیداروں نے اسے علاقے میں سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ خواتین کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔این ایل آر ایم کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ، ترال کے ایک گاؤں کی تقریباً 17 خواتین ان پولی ہاؤسز میں سبزیوں کی کاشت میں مصروف ہیں، اور منافع کمانے کے لیے سبزیاں بیچ رہی ہیں، جن میں سے ایک پولی ہاؤس حال ہی میں آریگام میں قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب ضلع کی تقریباً 10ہزار خواتین تجربہ حاصل کرنے کے علاوہ پیسہ کمانے کے لیے NRLM کے مختلف یونٹوں میں سرگرم عمل ہیں۔ساجدہ نامی NRLM ممبروں میں سے ایک نے کہا ہے کہ وہ اس فلیگ شپ پروگرام کے تحت چھ سال سے کام کر رہی ہے، اور اپنی روزی روٹی کمانے کے لیے اب اپنے مشروم یونٹ اور ایک پولی ہاؤس کو کامیابی سے چلا رہی ہے۔