سرینگر//دیہی ترقی، پنچائتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق نے دیہی سطح پر طبی اور سماجی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے پر زور دیا ہے۔اس بات کا اظہار انہوں نے ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں ریاست بھر میںعوامی بہبود سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا گیا۔وزیر موصوف نے افسروں پر زور دیا کہ وہ تعمیرات کے دوران روائتی طرز تعمیر اور مقامی ثقافت کو تحفظ فراہم کریں۔ انہو ں نے ایسے اثاثے قائم کرنے پر بھی زور دیا جس سے غریب کنبوں کے لئے آمدن کے ذرائع پیدا ہوں۔وزیر نے دیہات کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دیہات قوم اور ملک کی ترقی میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔مختلف ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے سکولوں کو جوڑنے والی سڑکوں اور چھوٹے پُلوں کا کام ترجیحی بنیادوں پر دردست لینے کی ہدایت دی تا کہ دیہی علاقوں میں سکولی بچوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔’’گاؤں جہاں ہمارا‘‘ کے تحت محکمہ کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی پالیتھن مخالف مہم کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے متعلقہ افسروں کو اس مہم میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور کہا کہ قصورواروں کے خلاف قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔وزیر کو بتایا گیا کہ اس مہم کے تحت اب تک9 کوئنٹل پالیتھن ضبط کیا گیا ہے اور قصوروارو ں سے جرمانے کے طور95490 روپے وصول کئے گئے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ دیہی علاقوں سے اس کے علاوہ291 کوئنٹل پالیتھن ضبط کیا گیا ہے۔میٹنگ کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ رواں مالی برس کے دوران56.40 لاکھ ایام کار مہیا کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور اس برس کی پہلی سہ ماہی کے آخر تک اس کا13 فیصد ہدف حاصل کیا گیا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ نے5 لاکھ جاب کارڈ فراہم کئے ہیں جن میں سے4.73 لاکھ جاب کارڈکی جانچ کی گئی ہے جبکہ50 فیصد جاب کارڈ آدھار کے ساتھ جوڑے گئے ہیں۔اندرآواس یوجنا کے تحت محکمہ نے6961 کام ہاتھ میں لئے ہیں جن میں سے1484 اکائیوں کو مکمل کیا گیا ہے۔ پی ایم اے وائی کے تحت محکمہ نے وادی میں7117 اکائیاں تعمیر کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے جس کے لئے28.57 کروڑ روپے کی رقم دستیاب ہے۔میٹنگ میں سیکرٹری دیہی ترقی نرمل شرما، ناظم دیہی ترقی غضنفر حسین، ڈائریکٹررورل سینی ٹیشن، ڈائریکٹر پنچائت اور دیگر کئی محکموں کے افسران اور انجنیئر صاحبان موجود تھے۔