مئو// وزیر اعظم نریندر مودنے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ممتا دیدی مجھے وزیر اعظم نہیں مانتی ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کو وزیر اعظم مانتی ہیں۔مسٹر مودی نے یہاں بھٹولی میں گھوسی لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمانی ہری نارائن راج بھر کے حمایت میں بی جے پی وجے سنکلپ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہن جی(محترمہ مایاوتی) نے مغربی بنگال کے حوالے سے مجھ پر نشانہ سادھا ہے اور الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ممتا بنرجی وہاں اترپردیش، بہار اور پروانچل کے لوگوں پر نشانہ سادھ رہی ہیں اور انہیں باہری بتا رہی ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ ایک بار انتخابی تشہیر کے لئے بی جے پی کی جانب سے کوچ بہار میں ایک اسٹیج بنایا گیا تھا جہاں ترنمول کانگریس نے اپنا منچ بنا دیاتھا۔ یہ جمہوریت مخالف کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ‘‘ میں بہت دن سے دیکھ رہا ہوں اور ملک کی بھی دیکھ رہا ہے ۔ دیکھتے ہیں مغربی بنگال میں دیدی اب ان کی ریلی ہونے دیتی ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ منگل کو کولکاتہ میں امت شاہ کی ریلی میں ایشور چندر ودیا ساگر کی مورتی توڑ دی گئی۔ ایشور چندر ودیا ساگر ہندوستان کے عظیم ہستیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ غریبوں اور دلتوں کے محافظ تھے ۔ انہوں نے انسانیت کی خدمت کی تھی انہوں نے جو کیا اس کے ہم قرض دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایشور چندر ودیا ساگر کی دھات کی مورتی بنائیں گے ۔