سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے سابق پولیس آفیسر دیوندر سنگھ کیس میں ایک اور شخص کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جو مبینہ طور ایک ہتھیار ڈیلر ہے۔
سابق ڈی ایس پی دیوندر سنگھ کو رواں برس کے اوائل میں سرینگر۔جموں شاہراہ پر جنگجوﺅں کے ساتھ ایک گاڑی میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔
دیوندر سنگھ جنگجوﺅں کو وادی سے باہر لیجارہا تھا جب اُسے قاضی گنڈ کے میر بازارعلاقے میں دھر لیا گیا۔
این آئی اے کے ہاتھوں تازہ گرفتار شدہ کی شناخت طارق میر کے طور کی گئی ہے جسے عدالت نے چھ دنوں کیلئے این آئی اے کی تحویل میں دیدیا ہے۔
جنوبی کشمیر کے شوپیان علاقے سے تعلق رکھنے والے طارق کو جموں میں گرفتار کیا گیا ہے اور اُس پر الزام ہے کہ وہ جنگجوﺅں کو ہتھیار فراہم کرنے میں ملوث ہے۔