راجوری //دیوالی کے تہوار کے پیش نظر فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی طرف سے ایڈوائزری جاری کرکے انتظامیہ کو اس بات سے آگاہ کیاگیاہے کہ پٹاخے سرکانے کے دوران آگ کی واردات سے بچاجائے ۔ محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجوری پونچھ آر سی رینہ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر راجوری اور ڈپٹی کمشنر پونچھ کے علاوہ دونوں اضلاع کے سینئر سپرینڈنٹ آف پولیس کے نام خط لکھاگیاہے جس میں اس بات پر زور دیاگیاہے کہ وہ تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جائیں جن سے پٹاخے سرکانے کے دوران کوئی حادثہ رونما نہ ہونے پائے ۔ایڈوائزری میں تجویز دی گئی ہے کہ پٹاخے فروخت کرنے والوںکو نو ابجکشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے قبل اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ دونوں سٹال کے درمیان پانچ فٹ کا فاصلہ ہو ، سٹال جی آئی شیٹ سے ڈھانپ کرہوں اور سٹال میں اٹھارہ سال سے کم عمر کوئی نوجوان کام کرنے والا نہ ہو۔ایڈوائزری میں مزید بتایاگیاہے کہ سٹال پر ریت اور پانی کی دو بالٹیاں دستیاب رکھی جائیں تاکہ کوئی پٹاخہ پھٹنے کی صورت میں آگ پر قابو پایاجاسکے ۔اس میں مزید مشورہ دیاگیاہے کہ سٹال مصروف بازار میں نہ ہوں اور پٹاخے کھلی جگہوں پر فروخت کئے جائیں ۔دریں اثناء ضلع انتظامیہ راجوری نے بیوپار منڈل راجوری اور مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرکے دیوالی تہوار کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا ۔میٹنگ کی صدارت ایڈیشنل ایس پی ممتاز علی نے کی جبکہ اس موقعہ پر دیگر سینئر افسران بھی موجو دتھے ۔ایڈیشنل ڈی سی نے بتایاکہ کسی بھی شخص کو اس بات کی اجازت نہیںہوگی کہ وہ قوانین کی پاسداری نہ کرتے ہوئے سٹال قائم کرے ۔