عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //دیوالی کے موقع پر عوام کو محفوظ اور صاف ستھری خوردنی اشیاء فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں محکمہ فوڈ سیفٹی کی جانب سے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ دہلی، گورکھپور، غازی آباد، چندولی، باگیشور، الور اور مظفرنگر سمیت کئی شہروں میں چھاپے مارے گئے ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں ایسی خوردنی اشیاء ضبط کی گئی ہیں جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔اتر پردیش کے گورکھپور میں دیوالی اور چھٹھ کے پیشِ نظر محکمہ خوراک نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 500 کلو مشتبہ کھجور اور 15 کوئنٹل مٹھائیاں و نمکین ضبط کر لیں۔ یہ سامان دہلی سے نجی بس اور ڈلیوری وین کے ذریعہ گورکھپور لایا جا رہا تھا۔ موقع پر تین افراد سے نمونے لیے گئے اور ناقص مال کو تلف کر دیا گیا۔ دیگر اشیاء ، جن کی مالیت تقریباً تین لاکھ روپے بتائی گئی ہے، ضبط کر لی گئیں۔اسٹنٹ فوڈ کمشنر ڈاکٹر سدھیر کمار سنگھ نے بتایا کہ ضبط شدہ کھجور کے ڈبوں پر ایف ایس ایس اے آئی نمبر اور مینوفیکچرنگ تاریخ درج نہیں تھی۔