عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے دیوالی سے قبل سابق فوجیوں کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے اُنہیں اور اُن کے اہلِ خانہ کو تعلیم، شادی اور غریبی سے متعلق امداد کے تحت ملنے والی مالی امداد کی رقم دوگنی کر دی ہے ۔ دفاعی وزارت نے بدھ کے روز بتایا کہ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے مرکزی سینک بورڈ کے ذریعے ، سابق فوجیوں کی فلاح و بہبودسے متعلق محکمہ کی اسکیموں کے تحت، سابق فوجیوں (ای ایس ایم) اور اُن کے اہلِ خانہ کے لیے مالی امداد میں 100 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی ہے ۔ نئی شرحیں یکم نومبر سے نافذ ہوں گی۔ اس اضافے کے بعد مستحق سابق فوجیوں کو غریبی سے متعلق امداد کی رقم 4,000 روپے سے بڑھا کر 8,000 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے ۔ یہ امداد 65 سال سے زائد عمر کے اُن غیر پینشن یافتہ سابق فوجیوں اور اُن کی بیواؤں کو دی جائے گی جن کی کوئی باقاعدہ آمدنی نہیں ہے ، تاکہ انہیں تاحیات مستقل مدد فراہم کی جا سکے ۔ تعلیمی امداد کے زمرے میں، دو زیرِ کفالت بچوں (جماعت 1 سے گریجویشن تک) یا دو سالہ پوسٹ گریجویٹ کورس کرنے والی بیواؤں کے لیے تعلیمی امداد 1,000 روپے سے بڑھا کر 2,000 روپے فی کس ماہانہ کر دی گئی ہے ۔شادی سے متعلق امداد کی رقم بھی فی مستفید 50,000 روپے سے بڑھا کر 1,00,000 روپے کر دی گئی ہے ۔ یہ امداد سابق فوجیوں کی زیادہ سے زیادہ دو بیٹیوں اور بیوہ کے دوبارہ نکاح کے لیے دی جائے گی۔ یہ نئی رقم اس حکم کے اجرا کے بعد ہونے والی شادیوں کے لیے دی جائے گی۔ اس اسکیم پر ہر سال تقریباً 257 کروڑ روپے خرچ ہونے کا اندازہ ہے ، جو ”مسلح افواج فلیگ ڈے فنڈ” سے ادا کیے جائیں گے ۔ ان اسکیموں کی مالی اعانت ”رکشہ منتری ایکس سروس مین ویلفیئر فنڈ” کے ذریعے کی جاتی ہے ۔
یہ فیصلہ غیر پینشن یافتہ سابق فوجیوں، بیواؤں اور کم آمدنی والے کنبوں کے لیے سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بناتا ہے اور سابق فوجیوں کی خدمات اور قربانیوں کے احترام کے لیے حکومت کے عزم کی تصدیق کرتا ہے ۔