کووڈ 19کی وجہ سے بدلتے حالات نے روایت کو بھی بدل ڈالا: چھبر
سرینگر//جموں و کشمیر بینک کی جانب سے بدھ کوبینک کے کارپوریٹ آفس سرینگر میں ڈجیٹل کیلنڈر ایپ برائے سال 2021 کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈایئریکٹر راجیش کمار چھبر کے ہاتھوں ڈجیٹل کلینڈر کی رسم رونمائی کے موقع پر انکے ساتھ بینک کے تینوں ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ ارون گنڈوترا، سنیل گپتا اور غلام نبی تلی کے علاوہ پریزیڈنٹ رجنی صراف، اشرف علی اور چیتن پلجور بھی شامل تھے جبکہ بینک کی اعلیٰ انتظامیہ سمیت سبھی وائس پریزیڈنٹ بھی شامل تقریب تھے۔ کئی دیگر سینئر افسراں کے علاوہ جموں و کشمیر بینک آفیسرس فیڈریشن کے اعلیٰ زعماء بھی رسم رونمائی کی اس تقریب میں موجود تھے۔ بینک کی دہائیوں پرانی نئے سال کا کلینڈر اجراء کرنے کی روایت سے ہٹ کر اس مرتبہ الیکٹرانک کلینڈر اجراء کرنے کا مقصد مرکزی سرکار کی فائنانس منسٹری کی طرف سے جاری ہدایات پر عمل کرنا تھا جس نے اس سال ستمبر میں کووڈ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ٹھوس اور کاغذی کلینڈرس کے بجائے ڈجیٹل کلنڈر اجراء کر نے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ اس موقع پر بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے کہا کہ حالانکہ فیصلہ مشکل ضرور ہے لیکن دنیا میں کووڈ 19کی وجہ سے بدلتے حالات نے ہماری دہائیوں کی روایت کو بھی بدل ڈالا ۔ ابھی تک ہمارا کلینڈر اگر چہ ہر گھر کے ایک کمرے میں آویزاں رہتا تھا لیکن اب یہ گھر کے ہر ایک فرد کے ہاتھ میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہمارے ڈجیٹل کلینڈر کی تھیم بھی یہی ہے کہ"Future is Digital" اور ہمارے کلینڈر ایپ میں ملک بھر کے پانچ زونز کی الگ الگ خصوصیات ہونگی جن میں جموں و کشمیر، لداخ، دہلی، کرناٹک اور ممبئی قابل ذکر ہیں۔ بینک کی ایپلی کیشن استعمال کرنے میں نہایت آسان ہوگی اور بینک کی کلینڈر ایپلی کیشن میں وقتاً فوقتاً بینک کی تازہ جانکاری اور سہولیات وخدمات کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جونہی جموں و کشمیر سرکار کی طرف سے چٹھیوں کی تاریخیں ہم تک پہنچے گیں انہیں ایپ میں فراہم کیا جائے گا۔ کرسمس اور آنے والے سال کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر نے اپنے گاہکوں اور جموںو کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں ۔