سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرِڈاکٹر فاروق عبداللہ نے افغان صوبے قندوز کے مدرسے پر بمباری کی مذمت کرتے ہوئے معصوم حفاظ قرآن،بچوں اور علماء کرام کو شہید کرنے کی کارروائی کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی اور سب سے بڑی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ اس قتل عام پر اقوام عالم کی خاموشی پر زبردست افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ خود کو مہذب اقوام جتلانے والوں نے اس بدترین سانحہ پر لب کشائی کرنا بھی گوارا نہیں سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ی کیخلاف جنگ کی آڑ میں امریکہ سب سے زیادہ دہشت گردی کررہا ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں اور شہید ہوئے بچوں کے والدین کیساتھ دلی تعزیتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہل کشمیر اس صدمہ عظیم میں برابر شریک ہے۔انہوں نے دنیا میں مسلمانوں پر بدترین مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے مسلمانوں کے دشمن متحد ہوگئے اور مسلمان ایک دوسرے کیخلاف صف آراء ہوگئے ہیں۔ فلسطین،عراق،شام ،لیبیا، افغانستان اور روہنگیائی مسلمانوں کی حالتِ زار امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کے فقدان کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ قوموں کے عروج و زوال، سربلندی،ترقی و تنزلی،خوش حالی و فارغ البالی اور بد حالی میں اتحاد و اتفاق کا ہونا اور نہ ہونا کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔