سرینگر//تحریک حریت ، نیشنل فرنٹ،اتحاد المسلمین ،انجمن شرعی شیعیان ،مسلم لیگ ،ڈی پی ایم اور سالویشن مومنٹ نے برینٹی دیالگام میں دوعسکریت پسندوں اور دو عام شہریوں کوجاں بحق کرنے کی کارروائی کو افسوسناک اور دلدوز سانحہ قرار دیا۔موصولہ بیان کے مطابق فورسز نے عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دو معصوم شہریوں کو راست فائرنگ کا نشانہ بنایا جبکہ درجنوں جوانوں کو شدید زخمی کردیا گیا،جن میںسے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ تحریک حریت نے کہا کہ اس طرح کے خونین واقعات دہرانے سے جموں کشمیر کے عوام کو خوفزدہ نہیںکیا جاسکتا ہے اور نہ ہی تحریکِ آزادی سے دستبردار کیا جاسکتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فورسز کے مظالم اور حکمرانوں کی سخت گیر پالیسی کا نتیجہ ہے کہ جموں کشمیر کے لوگ من حیث القوم سڑکوں پر آکر احتجاج کررہے ہیں۔ نیشنل فرنٹ نے نہتے شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئی دلی اور اس کے مقامی آلہ کاروں نے ہر آزادی پسند آواز کو خاموش کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے ۔ ترجمان نے دونوں مہلوکین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ترجمان نے کہا کہ وردی پوش اہلکاروں کو آزادی پسند شہریوں کیخلاف کارروائیاں عمل میں لانے کیلئے اس حد تک آزادی دی گئی ہے کہ وہ کہیں بھی کسی بھی وقت کوئی بھی بہانہ کرکے لوگوں کو جان سے مارسکتے ہیں۔ انہوں نے مازہامہ بڈگام میں وردی پوش اہلکاروں کے ہاتھوں عام لوگوں خاص کر سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے دیالگام میں ہوئے راست فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہندوستان اور اس کے ریاستی کارندے کشمیری عوام کو زیر کرنے کے لئے ہر قسم کے غیر اخلاقی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں تاکہ کشمیری عوام کی جائز اور مبنی برحق جدوجہد کو دبایا جاسکے۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے دیالگام اسلام آباد میں شہری ہلاکتوں کے سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کی ایک کڑی قرار دیا ۔ آغا حسن نے اس سانحہ میں مارے گئے عام شہریوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔مسلم لےگ نے دومعروف عسکرےت پسندوںبشےر لشکری اورآزاد احمد ملک سمےت دو عام شہرےوں کی ہلاکت پر اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان طاقت کے نشے مےں چور ہوکر جس طرح ےہاں چھوٹے بچوں ،عورتوں اور عام شہرےوں کو راست فائرنگ کے ذرےعے نشانہ بنا کر ابدی نےند سلاتا ہے ،اس سے ےہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان کو خون کا” چسکا اور پےاس“ لگ چکا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق سجاداےوبی، محمد اشرف صوفی، منظور احمد للہاری اور مدثر احمد پر مشتمل مسلم لےگ کے اےک وفدنے صوف شالی کوکرناگ جاکر لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ نے تازہ شہری ہلاکتوں کوریاستی دہشت گردی کابدترین نمونہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ فوج ،فورسزاورٹاسک فورس کوکشمیر میں قتل عام کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے اوریہی وجہ ہے کہ گزشتہ 4ماہ کے دوران 2کشمیری خواتین سمیت10عام شہریوں کوجنگجومخالف کارروائیوں میں رخنہ ڈالنے کی آڑ میں موت کی نیندسلادیاگیا۔بیان میں ڈی پی ایم کے جنرل سیکریٹری خواجہ فردوس وانی نے کہاکہ سنیچرکو دیالگام میں جس اندازمیں عام شہریوں کوڈھال بناکر اُنکی زندگیوں کوسنگین خطرے میں ڈالاگیاوہ اسبات کوعیاں کرتاہے کہ فوج ،فورسزاورٹاسک فورس کوکشمیر میں قتل عام کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔سالویشن مومنٹ کے امتیاز احمد،فاروق احمد،زبیر احمداوراسحاق خان پر مشتمل وفد نے طاہرہ بیگم اورشاداب احمد کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وارنے دیالگام میں نہتے عوام پر فورسزکی راست فائرنگ کو کشمیری قوم کے خلاف ایک منصوبہ بند سازش قرار دیا ہے۔