عظمیٰ مانٹیرنگ ڈیسک
نئی دہلی// دہلی پولیس کے سپیشل سیل نے حزب کے ایک کارکن جاوید احمد متو کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے، جو مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے نامزد کیے گئے 10سرفہرست ملی ٹینٹوں میں شامل ہے۔اسے دہلی پولیس نے 4 جنوری 2024 کو گرفتار کیا تھا۔دہلی پولیس کے مطابق متو ،جموں و کشمیر میں متعدد دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہا ہے اور پچھلے 13 سالوں سے سیکورٹی ایجنسیوں کو مطلوب تھا جس کے سر پر 10 لاکھ کا انعام تھا۔دہلی پولیس کے مطابق، وہ مبینہ طور پر اسلحہ اور گولہ بارود اکٹھا کرنے کے لیے دہلی این سی آر کے علاقے میں تھا، جس کا استعمال جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے کیا جانا تھا۔سپیشل سیل نے 3 مارچ 2024 کو پٹیالہ ہاس کورٹ کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (سی ایم ایم)نبیلہ ولی کے سامنے چارج شیٹ داخل کی ہے۔عدالت نے چارج شیٹ پر سماعت کے لیے 15 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔پولیس نے قبل ازیں عدالت کو بتایا کہ 4 جنوری کو اطلاع ملی تھی کہ سوپور کا رہنے والا جاوید احمد متو پاکستان کی آئی ایس آئی کے کہنے پر اپنے ساتھیوں سے اسلحہ اور گولہ بارود لینے دہلی آرہا ہے۔دہلی پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس کا پاکستان میں مقیم ہینڈلر عبدالمجید جرگر عرف شاہین اسلحہ اور گولہ بارود کی ترسیل کیلئے تعاون تھا اور جاوید اپنے پاکستان میں مقیم ہینڈلر کی ہدایت پر جموں و کشمیر اور کسی اور جگہ پر دہشت گردانہ حملے کرنے کا ارادہ تھا۔دہلی پولیس نے متو کو گرفتار کیا اور اس کے پاس سے ایک 9 ایم ایم سٹار پستول کے ساتھ چھ زندہ کارتوس، ایک اضافی میگزین اور ایک چوری شدہ سانٹرو کار برآمد کی۔اس سلسلے میں پی ایس اسپیشل سیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔