یو این آئی
نئی دہلی// دہلی حکومت نے دو نئے روٹس پر محلہ بسوں کا ٹرائل شروع کیا ہے جو کیلاش کالونی میٹرو اسٹیشن سے پی این بی گیتانجلی تک اور لوک کلیان مارگ میٹرو اسٹیشن سے وسنت وہار تک سات دنوں تک چلیں گی۔دہلی کے ٹرانسپورٹ وزیر کیلاش گہلوت نے کہا’’محلہ بسوں کے ذریعے ہم مقامی سطح پر تمام اہم مقامات کو پبلک ٹرانسپورٹ سے جوڑ رہے ہیں، تاکہ پہلے اور آخری میل تک رابطے کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ہم نے موتی لال نہرو کالج، جیسس اینڈ میری کالج، میتری کالج، سری وینکٹیشورا کالج، ایل ایس آر کالج، سنٹرل اسکول اور ووکیشنل کالج جیسے ممتاز تعلیمی اداروں کو بھی دو نئے روٹس پر محلہ بسوں کے ٹرائل میں اسٹاپیج کے طور پر شامل کیا ہے تاکہ آس پاس کے لوگوں سے ملاقات ہوسکے ۔ رہائشیوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور طلباء کی نقل و حمل کی ضروریات کا بھی خیال رکھا گیا ہے ‘‘۔دریں اثنا، دہلی حکومت کے کابینہ وزیر اور گریٹر کیلاش کے ایم ایل اے سوربھ بھاردواج نے کہا کہ گریٹر کیلاش پارٹ 1 اور مالویہ نگر کے لوگ مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کے لیے چھوٹی بسیں چلائی جائیں۔