عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ملک میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ راجدھانی دہلی میں اس کے معاملے 700 سے تجاوز کر گئے ہیں۔ ایک ہی دن میں 42 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ وہیں دہلی میں اس مرض سے اب تک 7 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ فی الحال ملک میں کورونا کے فعال معاملے 6491 ہیں۔ غنیمت ہے کہ ابھی تک 6861 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔مہاراشٹر کی بات کی جائے تو یہاں کووڈ کے 600 کیسز ہیں۔ سب سے زیادہ معاملے کیرالہ میں پائے گئے ہیں۔ فی الحال کیرالہ میں فعال معاملوں کی تعداد 1957 ہے۔ گجرات میں 980، مغربی بنگال میں 747 معاملے سامنے آئے ہیں۔ کورنا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے کووڈ ٹیسٹ بڑھا دیئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی لوگوں کو احتیاط برتنے کی صلاح دی گئی ہے۔وزارت صحت اور خاندانی فلاح کے مطابق یکم جنوری 2025 سے اب تک دہلی میں کووڈ سے 7 لوگوں کی موت درج کی گئی ہے۔ گجرات میں 2 لوگوں نے دم توڑا ہے جبکہ کرناٹک میں 9 کی جان گئی ہے۔ کیرالہ میں 15 کی موت ہوئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں 2 جبکہ مہاراشٹر میں 18 لوگ اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔واضح رہے کہ پچھلی بار جب کورونا کا سامنا کرنا پڑتا تھا تو اس وقت مرکزی حکومت نے ملک میں لاک ڈاون نافذ کر دیا تھا۔ اس دوران کئی لوگوں کی موت بھی ہوئی۔ اب ایک بار پھر کورونا نے دستک دے دی ہے اور اس کے معاملے بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ایسے میں لوگوں کو ابھی سے احتیاط برتنے اور ماسک پہننے کی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔