یواین آئی
نئی دہلی// قومی راجدھانی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں جمعہ کی دیر شب سے ہو رہی موسلادھار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں۔دہلی، نوئیڈا اور گروگرام کے کئی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر گھٹنوں تک گہرے پانی کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دارالحکومت میں شدید بارش کی وجہ سے کئی پروازوں پر بھی اس کا اثر پڑا ہے۔ بڑی تعداد میں پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی-این سی آر میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ آج دن بھر درمیانی سے شدید اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جنوبی، مشرقی، مغربی اور وسطی دہلی میں شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ محکمہ کے مطابق کہ آئندہ چند دنوں تک بارش جاری رہے گی۔دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ پرواز کی معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم ناسازگار ہے، اگرچہ اس وقت آپریشن معمول کے مطابق ہے۔ انڈیگو اور اسپائس جیٹ نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ شہر میں ٹریفک جام کے بارے بیدار رہیں۔ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ ( ڈی آئی اے ایل) نے وضاحت کی ہے کہ بارش کی وجہ سے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کئی پروازوں کو ڈائیورٹ کر دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح 5.30 بجے سے 8.30 بجے تک صفدرجنگ علاقے میں 49.6 ملی میٹر، پوسا میں 47.0، میور وہار میں 42.0 اور پرگتی میدان میں 40.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راجدھانی کے کئی علاقوں آئی ٹی او، منیرکا میٹرو اسٹیشن گیٹ نمبر 1، موتی باغ، اے پی ایس کالونی، اکبر روڈ، ساؤتھ ایونیو، رنجیت سنگھ فلائی اوور، منڈی ہاؤس، منٹو روڈ، سنگم وہار، وسنت کنج، آر کے پورم، کناٹ پلیس، پنچ کوئیاں مارگ، بھجن پورہ۔ یمنا وہار ، کراول نگر سمیت کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔دہلی میں کل دیر رات سے جاری بارش سے نمٹنے کے لیے دہلی حکومت کے میونسپل کارپوریشن اور میونسپلٹی کے کھوکھلے وعدوں کی قلعی کھل گئی ہے۔ دارالحکومت کی بیشتر کالونیاں گھٹنوں تک پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور کئی علاقوں میں لوگ اپنے گھروں میں داخل ہوئے پانی کو نکالتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔راجدھانی میں یمنا کی پانی کی سطح صبح 8 بجے تک 204.4 میٹر ریکارڈ کی گئی، جو 204.5 میٹر کی وارننگ لیول سے محض 10 سینٹی میٹر کم ہے۔