عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دہلی نوئیڈا سمیت پورے این سی آر میںپیرکو(7جولائی)صبح کی شروعات تیز ہوائوں اور بارش سے ہوئی۔ صبح قریب 5 بجے سے ہی بادلوں کی گڑگڑاہٹ سنائی دے رہی تھی، ماحول ایسا تھا کہ مانو بادل برسنے کو بے قرار ہوں۔ کچھ دیر کے بعد قریب 5.30بجے سے پہلے ہلکی بارش اور پھر تیز ہوائوں کے ساتھ اچھی بارش شروع ہو گئی۔محکمہ موسمیات نے پہلے ہی دہلی-این سی آر میں بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے یلو الرٹ جاری کیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی فعالیت کی وجہ سے اگلے کچھ دنوں تک رک رک کر بارش ہو سکتی ہے۔ اس سے نہ صرف درجہ حرارت میں گراوٹ آئے گی بلکہ ہوا کے معیار میں بھی بہتری دیکھنے کو ملے گی، جو پچھلے کچھ دنوں سے خراب زمرے میں تھا۔ 12 جولائی تک گرج کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق 7 اور 8 جولائی کو اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ میں شدید بارش (21سیمی یا زیادہ)ہونے کا امکان ہے وہیں 7 سے 10 جولائی تک مدھیہ پردیش کے مشرقی اور مغربی حصوں میں مسلسل گرج کے ساتھ تیز بارش ہونے کے آثار ہیں۔ وہیں مغربی بنگال اور جھارکھنڈ میں بھی 7جولائی کو شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران بجلی گرنے اور 40-30 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 7اور 8 جولائی کو شدید بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ مشرقی راجستھان میں 9 جولائی کو بھی تیز بارش ہو سکتی ہے۔ جموں و کشمیر، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، اتر پردیش کے زیادہ تر علاقوں میں 7 سے 10 جولائی کے درمیان گرج-چمک کے ساتھ بھاری بارش کے آثار ہیں۔ وسط مہاراشٹر اور گوا میں 7اور 8 جولائی کو شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اگلے 6 دنوں تک ان علاقوں میں تیز ہوائیں اور گرج کے ساتھ بارش دیکھنے کو ملے گی۔شمال مشرقی ریاستوں میں آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، میزورم، تریپورہ میں 7 سے 12 جولائی تک شدید بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں تلنگانہ، کرناٹک اور کیرالہ میں 7 سے 10 جولائی کے درمیان بارش کا موسم بنا رہے گا۔ جنوبی ہند میں 50-40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ آئی ایم ڈی نے لوگوں کو بجلی گرنے، تیز ہواوں اور آبی جماو کے مسئلے سے مستعد رہنے کی صلاح دی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائڈ اور سڑک بند ہونے کا اندیشہ ہے اس لیے سفر سے پہلے موسم کی جانکاری ضروری لیں۔