نئی دہلی//دہلی کے براڑی علاقے میں ایک ہی گھر سے 11 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں میں سات خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔ تمام لاشیں گھر کے اندر لٹکی ہوئی ملی اور کچھ کے منہ اور آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔ پولیس فی الحال اس معاملہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے ۔ مردہ پائے گئے ایک ہی خاندان کے گیارہ افرادکاتعلق راجستھان کے ضلع چتوڑ گڑھ کے ساوا گاؤں سے ہے اور واقعہ کے بعد ان کے لواحقین دہلی کے لئے روانہ ہو گئے ۔سابق ممبر اسمبلی جاڑاوت نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے ساوا گاؤں کے رہنے والے بھوپال سنگھ چنڈاوت کے تین بیٹے تھے جن میں سے دو بڑے بیٹے بھونیش سنگھ عرف بھوپي اور للت سنگھ پہلے ہی گاؤں چھوڑ کر دہلی چلے گئے تھے جبکہ تیسرا سب سے چھوٹا بیٹا دنیش سنگھ یہاں رہتا ہے اور وہ طویل عرصے سے ضلع کے راوت بھاٹا میں ٹھیکیداری کرتا ہے ۔ ان کی بیوی بھی وہیں سرکاری اسکول میں ٹیچرہے ۔انہوں نے بتایا کہ مرنے والے لوگ یہاں سے جانے کے بعد کبھی کبھار ہی آیا کرتے تھے ۔ مسٹر جاڑاوت نے واقعہ کی معلومات سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت کو بھی دے کر خاندان کی دہلی میں ہر ممکن مدد کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آج صبح جیسے ہی انہیں یہ خبر ملی تو انہوں نے دنیش سنگھ کو راوت بھاٹا اور ساوا گاؤں میں دیگر اہل خانہ کو واقعہ کے بارے میں بتایا۔ اطلاع کے بعد چھوٹا بھائی دنیش یہاں سے دہلی کے لئے روانہ ہوگئے ۔مسٹر جاڑاوت گزشتہ چالیس سالوں سے یہاں کی سرگرم سیاست کی وجہ سے اس خاندان سے بخوبی واقف ہیں۔ لاشیں ملنے کی خبر کے بعد وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔مسٹر کیجریوال کے ساتھ علاقائی ممبر اسمبلی سنجیو جھا بھی موجود تھے ۔ گھر میں ایک خاندان کے 11 افراد کی لاشیں ملنے پر مسٹر کیجریوال نے دکھ کااظہارکیا اور خاندان کے بارے میں ارد گرد کے لوگوں سے معلومات لی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر منوج تیواری نے ٹویٹ کر واقعہ پر گہرا دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھی موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔