نئی دہلی/عظمیٰ نیوز ڈیسک/دہلی این سی آر سمیت اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں رات سے ہو رہی بارش کے سبب ٹھنڈ میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔ شدید ٹھنڈ کے درمیان جمعہ کی صبح سے ہی شروع ہوئی بارش کہیں کم تو کہیں زیادہ دیر رات تک جاری رہی۔ اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں ہفتہ کو کہیں کہیں آواز کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ حصوں میں بجلی گرنے اور تیز ہواوں کی وارننگ بھی جاری کی گٓئی ہے۔ وہیں سردی اور بارش کو دیکھتے ہوئے میرٹھ اور سہارن پور میں 28 دسمبر کو آٹھویں تک کے اسکولوں کو بند رکھنے کا ڈی ایم نے حکم جاری کیا ہے۔ جبکہ مظفرنگر میں 12 ویں تک اسکولوں کی چھٹی کی گئی ہے۔ویسٹرن ڈسٹربینس کی وجہ سے ملک کے بڑے حصے میں بارش اور برفباری ہوئی ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں 15 برسوں میں دسمبر میں سب سے زیادہ بارش درج کی گئی۔ جس سے دن کا درجہ حرارت یعنی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گر کر 14.6 ڈگری سیلسیس ہو گیا۔ دہلی میں کل 27 دسمبر کی رات ڈھائی بجے سے بارش ہو رہی تھی۔ دن کے درجہ حرارت میں 9.5 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ دیکھی گئی جو دسمبر میں گزشتہ پانچ برسوں میں سب سے کم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو بھی عام طور پر آسمان میں بادل چھائے رہنے اور رک رک کر بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ صبح سے لے کر دوپہر تک ایک یا دو بار ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔