عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//دہلی این سی آر میں کپکپانے والی ٹھنڈ کا ستم جاری ہے۔ بدھ کو اس میں مزید اضافہ ہو گیا۔ وہیں وادی کشمیر میں رات کا درجہ حرارت زیادہ تر علاقوں میں صفر سے نیچے رہا۔ راجستھان اور ہماچل پردیش کے کچھ علاقوں میں یہ نقطہ انجماد کے قریب پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کچھ جگہوں پر درجہ حرارت میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ وہیں ‘مغربی ہوائوں’ کی وجہ سے شمال مغربی ہند کے کچھ حصوں میں ہفتہ کے آخر میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بدھ کو راجدھانی دہلی میں دھوپ نکلی جس سے لوگوں کو تھوڑی راحت ملی۔ شمال-مغربی ہواوں کے اثر سے یہاں کا کم سے کم درجہ حرارت 74 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ شدید کہرا بھی چھایا رہا۔ ایک دن پہلے کم سے کم درجہ حرارت 105 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ گراوٹ فی الحال جاری رہے گی اور جمعہ تک درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ ایک نئے ‘ویسٹرن ڈسٹربینس’ کے اثر سے موسمم کا مزاج اسی ہفتہ سے بدلا ہے۔محکمہ موسمیات نے آج اور کل دہلی این سی آر میں گھنے کہرے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔ محکمہ کے مطابق ہوا کی رفتار 2 سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہے گی، جس سے گھنا کہرا دیکھنے کو مل سکتا ہے، اس لیے جمعرات کو آرینج اور جمعہ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ راجدھانی کے علاوہ ہریانہ، یوپی، بہار اور جھارکھنڈ میں بھی شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔وہیں دوسری طرف پنجاب میں سنگرور، ایس بی ایس نگر اور امرتسر سب سے ٹھنڈے علاقے رہے۔ یہاں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ گھنے دھند سے حد نگاہ بھی صفر رہی، جس سے ریل و سڑک آمد و رفت بری طرح متاثر ہوا ہے۔ 10 جنوری کو موسم صاف رہنے کا امکان ہے۔ 11 جنوری کو کچھ ضلعوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ہماچل پردیش کے اونا میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہا۔ جبکہ قبائلی علاقے لاہول اور اسپیتی کے تابو میں درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا ہے۔اتر پردیش کے زیادہ تر ضلعوں میں بھی ٹھنڈ اور گھنے کہرے سے عام زندگی پر اثر پڑا ہے۔ بدھ کو ایٹاوہ اور آگرہ سب سے ٹھنڈے علاقے رہے۔ یہاں کا درجہ حرارت 56 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جمعرات اورجمعہ کو موسم خشک رہنے کا امکان ہے لیکن مشرقی اور مغربی اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں شدید ٹھنڈ اور گھنے کہرے کی حالت بنی رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا خدشہ ہے۔ صبح اور شام کے وقت درمیانی سطح کے کہرے کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔