سمت بھارگو
راجوری//دہلی میں اتوار کے روز پیش آئے دھماکے کے بعد جاری سیکورٹی الرٹ کے پیشِ نظر جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں نے اس الرٹ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اضافی حفاظتی اقدامات نافذ کئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ’تمام اہم راستوں، شاہراہوں اور داخلی و خارجی پوائنٹس‘ پر چیکنگ کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں نے متعدد مقامات پر اچانک ناکے قائم کر کے گاڑیوں اور افراد کی مکمل جانچ شروع کر دی ہے۔ اس کے علاوہ، مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور رابطے کو بھی مزید مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت پر فوری کارروائی ممکن ہو۔خاص طور پر جموںراجوری۔پونچھ قومی شاہراہ پر پولیس اور اسپیشل آپریشن گروپ کی مشترکہ ٹیموں نے موٹر وہیکل چیک پوائنٹس قائم کئے ہیں، جہاں گاڑیوں کی عمومی اور اچانک تلاشی لی جا رہی ہے۔ ان چیک پوائنٹس پر اہلکاروں کو جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے تاکہ نگرانی کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔افسران کے مطابق، یہ اقدامات احتیاطی تدابیر کے طور پر کئے جا رہے ہیں، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔حکام نے مزید بتایا کہ حساس اور سرحدی علاقوں میں گشت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ فوجی اور پولیس دستے مسلسل الرٹ پر ہیں اور مشکوک سرگرمیوں پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق، سیکورٹی ایجنسیاں دہلی دھماکے کے تناظر میں کسی بھی ممکنہ اثرات سے بچاؤ کیلئے کڑی نگرانی کر رہی ہیں۔ اعلیٰ حکام نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی مقامات، بازاروں، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں کے اطراف میں سیکورٹی مزید سخت کریں اور مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھیں۔پولیس ذرائع کے مطابق، ضلع راجوری اور پونچھ میں سی سی ٹی وی نگرانی، ناکہ چیکنگ، اور گشت کے اوقات میں توسیع جیسے اقدامات نافذ کئے گئے ہیں تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ عوامی اطمینان کے لئے پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سیکورٹی فورسز مکمل الرٹ پر ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔