کوئی دوبارہ اس طرح سوچنے کی ہمت بھی نہ کرے:امت شاہ
عظمیٰ نیوز سروس
احمد آباد//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ دہلی میں ہونے والے دھماکے کے ذمہ داروں کو ملنے والی سزا سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ کسی کو دوبارہ اس طرح کے حملے کے بارے میں سوچنے کی بھی ہمت نہیں کرنی چاہیے۔شاہ گجرات کے مہسانہ ضلع کے بوریاوی گاؤں میں شری موتی بھائی آر چودھری ساگر سینک اسکول اور ساگر آرگینک پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے بول رہے تھے۔انہوں نے کہا ’اس بزدلانہ فعل کا ارتکاب کرنے والے تمام افراد اور اس کے پیچھے کارفرما افراد کو قانون کے سامنے لایا جائے گا اور انہیں سخت ترین سزا دی جائے گی۔ حکومت ہند اور وزارت داخلہ اس کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں‘۔انہوں نے دھماکے کے متاثرین کے اہل خانہ کے لیے بھی گہرے تعزیت کا اظہار کیا۔شاہ نے کہا، “وزیر اعظم نریندر مودی کا اس دہشت گردانہ کارروائی کے ذمہ داروں کے لیے سخت سزا کو یقینی بنانے کا عزم یقینی طور پر پورا کیا جائے گا۔”انہوں نے مزید کہا کہ دہلی دہشت گردانہ حملے کے مجرموں کو ملنے والی سزا دنیا کو یہ پیغام دے گی کہ ہمارے ملک میں اس طرح کے حملے کے بارے میں سوچنے کی بھی کسی کو جرات نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں، پوری دنیا نے گزشتہ 11 سالوں میں دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی کو تسلیم کیا ہے، اور وزیر اعظم عالمی سطح پر اس لڑائی کی قیادت کرنے میں سب سے آگے ہیں۔پیر کی شام لال قلعہ کے قریب ایک کار میں زوردار دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے۔