عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دہلی کی ٹریفک پولیس نے رام لیلا میدان میں جمعرات کو ہونے والی حلف برداری تقریب کیلئے روٹ میپ تیار کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ اس حلف برداری تقریب میں ملک کے وزیر اعظم اور کئی ریاستوں کے وزرا اعلی سمیت کثیر تعداد میں وی وی آئی پی/وی آئی پی لوگ شامل ہونے والے ہیں۔ ایسے میں تحفظ بڑا معاملہ ہے۔ دہلی ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ کچھ راستے پوری طرح بند رہیں گے جبکہ کچھ جگہوں سے ٹریفک منتقل کی جائے گی۔ ایسے میں پولیس نے لوگوں کو رام لیلا میدان اور آس پاس کے سبھی راستوں سے بچنے کی صلاح دی ہے۔دہلی پولیس کے ایڈیشنل پولیس کمشنر (ٹریفک) ستیہ بیر کٹارا نے بتایا کہ رام لیلا میدان میں 19 فروری کو ہونے والی اس حلف برداری تقریب کی تیاریاں پوری کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب میں کئی وی آئی پی/ وی وی آئی پی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ اس تقریب میں بڑی تعداد میں عام لوگوں کے بھی شامل ہونے کی امید ہے۔ایڈوائزری کے مطابق 19 جنوری کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کئی راستوں پر آمد و رفت بند رہے گی۔ اس میں بی ایس زیڈ مارگ، آئی ٹی او سے دہلی گیٹ، جے ایل این مارگ، دہلی گیٹ سے گرو نانک چوک، ارونا آصف علی روڈ نئی دہلی، منٹو روڈ سے کمالا مارکیٹ سے ہمدرد چوک تک، رنجیت سنگھ فلائی اوور سے ترکمان گیٹ تک راستے بند رہیں گے۔وہیں 19 جنوری کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کئی راستوں پر ضرورت کے مطابق ٹریفک منتقل کی جائے گی۔ جس میں سبھاش پارک ٹی-پوائنٹ، راج گھاٹ، دہلی گیٹ، آئی ٹی او، اجمیری گیٹ، رنجیت سنگھ فلائی اوور، بھبھوتی مارگ-ڈی ڈی یو مارگ ریڈ لائٹ شامل ہیں۔ٹریفک پولیس نے ہدایت دی ہے کہ اپنی گاڑی صرف مقررہ پارکنگ مقام پر ہی پارک کریں۔ سڑک کے کنارے پارکنگ سے بچیں، کیونکہ اس سے معمول کی ٹریفک ہموار طریقے سے چلانے میں رکاوٹیں آتی ہیں۔ کسی بھی نامعلوم/غیر معمولی اشیا یا شخص کو مشتبہ حالت میں دیکھنے پر پولیس کو فورا اطلاع دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
اسمبلی میں کسی دلت کو اپوزیشن کا لیڈر بنائیں | مالیوال کی پارٹی سربراہ کیجریوال سے درخواست
یو این آئی
نئی دہلی//عام آدمی پارٹی کی راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سواتی مالیوال نے اروند کیجریوال سے درخواست کی ہے کہ وہ دہلی اسمبلی میں کسی دلت کو اپوزیشن کا لیڈر بنائیں۔ مالیوال نے کیجریوال کو ایک خط لکھا، “آپ کو یاد ہوگا کہ آپ نے 2022 میں پنجاب کے انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ جیتنے کے بعد ہم ایک دلت نائب وزیر اعلی بنائیں گے، لیکن یہ بہت افسوسناک ہے کہ تین سال گزرنے کے بعد بھی یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔”انہوں نے کہا، “اب جب دہلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا وقت آ گیا ہے، تو میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ پارٹی کے دلت برادری سے تعلق رکھنے والے کسی ایم ایل اے کو دہلی میں اپوزیشن کا لیڈر بنائیں۔