عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ پنجاب، ہریانہ اور راجستھان سردی کی لپیٹ میں ہیں اور اس کا اثر دہلی پر بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ دہلی-این سی آر میں بھی ٹھنڈ کا زور جاری ہے اور سرد لہر نے لوگوں کو ٹھٹھرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ بدھ کی صبح سے ہی این سی آر کے لوگوں کو گھنے کہرے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 7ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور گہری دھند چھائی ہے۔ اس کے ساتھ دہلی میں فضائی آلودگی بھی بڑھ رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں دھند برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، دہلی میں اس ہفتے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 24 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ آلودگی کے خاتمے کی فوری امید نہیں ہے۔ آج دہلی کا اوسطا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 448 ریکارڈ کیا گیا۔صبح 5:30 بجے دہلی کا درجہ حرارت 6.2 ڈگری سیلسیس رہا اور صبح 7 بجے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر حد نگاہ 700 میٹر رہی، جو گزشتہ رات کے 300 میٹر سے بہتر تھی۔ مختلف رن ویز پر حد نگاہ 1000 سے 2000 میٹر کے درمیان ہے، جس کے باعث پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔موسم سائنس مرکز سے ملی اطلاع کے مطابق امریا، شہڈول، جبل پور، منڈلا، سیونی، نوگاوں میں سرد لہر کا کافی اثر رہا۔ بھنڈ، مرینا، گوالیار، ٹیکم گڑھ، نیواڑی، پنا اور چھترپور میں صبح میں ہلکے سے درمیانی سطح کا کہرا رہا۔