عظمیٰ نیوز سروس
جموں// پی ڈبلیو ڈی کے سکریٹری، بھوپندر کمار نے دہلی-امرتسر-کٹرا ایکسپریس وے اور سیمی رینگ روڈ جموں پروجیکٹوں کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ ان پروجیکٹوں پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران سکریٹری نے این ایچ اے آئی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ستواری سے بڑی براہمناںتک سڑک کی سطح کو بہتر بنائیں تاکہ ایکسپریس وے پروجیکٹ پر عمل آوری کے کام کی وجہ سے عوام اور مسافروں کو درپیش تکلیف میں کمی آئے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں پڑنے والے ایکسپریس وے پروجیکٹ کا دورہ کر کے معائینہ کیا ۔انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (NHAI )پر زور دیا کہ وہ ستمبر 2024 کے مقررہ وقت کے اندر ایکسپریس وے کے کاموں کو مکمل کرے۔سکریٹری نے نانک چک پر پل کے نیچے سڑک پر رکاوٹوں کا بھی معائنہ کیا، گھگوال میں فلائی اوور اور دیگر مقامات پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیاکو مشورہ دیا کہ وہ شمالی ریلوے کے ساتھ تال میل قائم کرے تاکہ کاموں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے جاکھ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیاکے کاسٹنگ یارڈ کا بھی معائنہ کیا اور NHAI حکام کی طرف سے ایکسپریس وے پروجیکٹ کے لئے تیز رفتار اور معیاری کاسٹنگ کے کام کو یقینی بنانے کے لئے کوالٹی کنٹرول کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا گیا۔بھوپندر کمار نے سیمی رینگ روڈ جموں کا بھی دورہ کیا تاکہ ٹریفک کو کھولنے کے لئے سڑک کی تیاری کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہیں بتایا گیا کہ سڑک کی 48 کلومیٹر لمبائی مکمل ہو چکی ہے۔این ایچ اے آئی کو سڑک پر زیر التوا پلوں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی تاکہ اکھنور، راجوری اور پونچھ جانے والی ٹریفک کو اس کے ذریعے موڑ دیا جائے اور جموں شہر کی بھیڑ کم ہو۔