یو این آئی
نئی دہلی//دہلی اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی طرف سے کچھ خاص زمروں کے ووٹروں کو گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کے لیے دی گئی سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اب تک تقریبا چھ ہزار ووٹروں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر آر ایلس واز نے جمعہ کو کہا کہ اب تک گھر سے ووٹنگ کی سہولت کے ذریعہ 5848 پوسٹل بیلٹ ڈالے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کے لیے خصوصی منصوبہ بنایا گیا ہے جس کی الیکشن کمیشن نے منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت دہلی کے 11 اضلاع میں 19 گنتی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی انتخابات میں 80 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں اور معذور افراد کو گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ دہلی اسمبلی کی تمام 70 سیٹوں کے لیے 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔ دہلی کی تمام 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے کل 699 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسمبلی کی موجودہ مدت 23 فروری کو ختم ہو رہی ہے۔گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سابق نائب صدر حامد انصاری اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی اہلیہ گرشرن کور سمیت کئی دیگر معززین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
کیجریوال کے گھر کے باہر یوتھ کانگریس کا احتجاج
یو این آئی
نئی دہلی//یوتھ کانگریس نے جمعہ کو عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا اور ان پر جھوٹ بولنے اور عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔یہ جانکاری دیتے ہوئے یوتھ کانگریس کے ترجمان ورون پانڈے نے بتایا کہ کارکنان یوتھ کانگریس کے باہر تنظیم کے صدر ادے بھانو چِب کی قیادت میں جمع ہوئے اور فیروز شاہ روڈ پر کیجریوال کے گھر کی طرف روانہ ہوئے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔ آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔ اس کے خلاف کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔تنظیم کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چب نے کہا کہ جب سے عام آدمی پارٹی دہلی میں اقتدار میں آئی ہے، آلودگی اور گندگی دہلی کی پہچان بن گئی ہے، اروند کیجریوال اور بی جے پی صرف ایک دوسرے پر الزام تراشی کی سیاست میں مصروف ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی اور کیجریوال نے جمنا کی صفائی سے متعلق بڑے بڑے وعدے کئے تھے، لیکن وہ سب جھوٹ نکلے۔ دہلی کی لائف لائن جمنا ندی آلودگی سے نبرد آزما ہے، یہ کچرے اور سیوریج سے بھری ہوئی ہے اور اس سب کے لیے مسٹر کیجریوال ذمہ دار ہیں۔