میسور//وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے پلوامہ خودکش حملے کے بعد پاکستان میں دہشت گرد کیمپوں پر فضائیہ کی کارروائی کو صحیح ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ اس کا نشانہ دہشت گرد گروپ تھے ۔سیتارمن نے بدھ کی رات یہاں ریٹائرڈ انٹیلی جنس بیورو افسر آر ایس کلکرنی کے ذریعہ تحریر کردہ ‘فیسٹ آف ٹیررزم ان انڈیا’ کا اجراکرنے کے بعد نامہ نگاروں سے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا فضائی کارروائی کا مقصد صرف ان ٹھکانوں کو ہدف بنانا تھا،جہاں دہشت گردوں کو تربیت دے کر ہندوستان بھیجا جاتا تھا اور پوری دنیا میں اس کارروائی کی ستائش ہورہی ہے ۔حکومت کی کارروائی کے سلسلے میں اپوزیشن کی جانب سے سوال اٹھائے جانے کے سلسلے میں سیتارمن نے دلیل پیش کی کہ پاکستانی فوج کے ذریعہ دہشت گردانہ حملوں کوحمایت دی جاتی رہی ہے اور ہندوستان کے خلاف پاکستان حمایت یافتہ دہشت گردی 1947 کے ان دنوں کی طرح ہے ،جب ملک کو آزادی ملی تھی۔انہوں نے کہا،‘‘دہشت گردانہ حملوں کے سلسلے میں پاکستان ثبوت پیش کرنے کے لئے کہتا ہے ۔جب ثبوت پیش کئے جاتے ہیں تو وہ دعوی کرتا ہے کہ یہ ناکافی ہیں۔اس لئے ان کا اس طرح کا رخ برداشت کرنے لائق نہیں ہے ۔’’یواین آئی