نئی دہلی //ہندوستان نے پاکستان کا نام لئے بغیر دہشت گردوں کی حمایت کرنے اور انہیں پناہ دینے والے ملک کو سزا دینے پر زور دیتے ہوئے برکس (برازیل، ہندوستان ، روس ، چین اور جنوبی افریقہ) ملکوں سے کہا کہ دہشت گردی کے عالمی چیلنج کا مضبوطی سے مقابلہ کیا جانا چاہئے ۔وزیر خارجہ سشماسوراج نے برکس میڈیا فورم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سبھی کو ایسے ملکوں کو سزا دینے کے لئے تیار رہنا چاہیے جو دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں اور اسے بڑھاوا دیتے ہیں اور جو دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں اور خود کو دہشت گردی کا شکار بتانے کے باوجود اچھے اور برے دہشت گردوں میں فرق کرتے ہیں ۔ سو راج نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ جامع نقطہ نظر کی حامل تنظیم برکس کو اس مسئلے پر توجہ دینی چاہئے کیونکہ کسی ملک کی حمایت اور سرپرستی میں جاری دہشت گردی سے بڑا کوئی چیلنج نہیں ہے ۔