یواین آئی
ایودھیا//اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو کہا کہ پاکستان کا خاتمہ شروع ہو چکا ہے اور دہشت گردی اس کے خاتمے کی وجہ ہوگی۔اپنے ایک روزہ ایودھیا دورے کے دوران، ہنومان گڑھی میں شری ہنومان کتھا منڈپم کا افتتاح کرنے کے بعد، یوگی نے ایودھیا کی روحانی، ثقافتی اور ترقیاتی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور سناتن دھرم کے تحفظ اور اس کے عالمی تبلیغ کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ہنومان گڑھی کو عقیدت، طاقت، حکمت اور منصوبہ بندی کا سنگم بتاتے ہوئے، انہوں نے اسے سناتن دھرم کا غیر متزلزل قلعہ قرار دیا۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو فروغ دے کر اپنے آپ کو برباد کر رہا ہے۔ بھارتی فوج کی کارروائی میں 124 سے زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ یہ پاکستان کا قصور ہے جو دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے۔ یہ دہشت گردی پاکستان کو تباہ کر دے گی اور اس میں زیادہ دن باقی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ روحانی دنیا میں پاکستان کا کوئی وجود نہیں۔ جس کا اپنا حقیقی وجود نہیں ہے، اس کی معین زندگی ہوتی ہے۔ اب پاکستان کا وقت پورا ہو چکا ہے۔سابقہ حکومتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں میں اجودھیا کو افراتفری میں ڈال کر ذلیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ جبکہ 2014 اور 2017 کے بعد اجودھیا کی ترقی ڈبل انجن والی حکومت میں دوگنی رفتار سے ہوئی ہے۔ ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے دوستوں اور دشمنوں کی شناخت کریں۔ سناتن دھرم کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کی ملک کو شناخت کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سناتن دھرم ہندوستان کے وجود کی پہچان ہے اور ہم اس کے وقار اور عزت کے خلاف کوئی چیز قبول نہیں کرتے۔یوگی نے کہا کہ ہنومان گڑھی صرف ایک مندر نہیں ہے بلکہ سناتن دھرم کی حفاظت کے لیے جنگجو جذبے کی علامت ہے۔ یہ منڈپم آنے والی نسلوں کے لیے ہنومان گڑھی کی شان کو برقرار رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہنومان گڑھی کا یہ منڈپم نہ صرف ایک روحانی مرکز بن جائے گا بلکہ یہ سناتن دھرم کی اقدار کو ستسنگ اور کتھا کے ذریعے لوگوں تک پہنچائے گا۔ہنومان گڑھی کے ناگا سادھووں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی تاریخ سناتن دھرم کے اس دور کی فوج کے نام سے جانی جاتی ہے، جب ملک ملحد حملہ آوروں سے دوچار تھا، تب اکھاڑوں نے سناتن دھرم کی حفاظت کے لیے خود کو وقف کر دیا تھا۔