حیدرآباد //مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ این آئی اے نے ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا ہے اور داعش کے معاملات کی جانچ کے لئے اس کومکمل آزادی دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کو اسلامی ممالک کا تعاون حاصل ہورہا ہے ۔تمام ممالک دہشت سے مقابلہ کے لئے واحد پلیٹ فارم پر آرہے ہیں۔دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کی ضرورت ہے ۔دہشت گردی کا کسی بھی ذات ،نسل یامذہب سے تعلق نہیں ہوتا ۔بعض لوگوں نے دہشت گردی کو مذہب سے جوڑ دیا ہے جو مناسب نہیں ہے ۔ہر ہندوستانی نے مذہب ، ذات اور طبقہ سے بالاتر ہوکر پلوامہ حملہ پر درد محسوس کیا ہے ۔ وزیراعظم مودی نے ہندوستانی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سخت فیصلہ لیا ہے اور اس سلسلہ میں پاکستان کے دہشت گردوں کے کیمپس پر فضائی حملے کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیا نے دہشت گردی کے خلا ف ملک کے قدم کی حمایت کی۔یہ ایک فخر کی بات ہے کہ ہندوستان کو او آئی سی کے ابوظہبی میں ہونے والے اجلاس میں پہلی مرتبہ شرکت کے لئے مدعو کیاگیا ہے ۔انہوں نے پلوامہ حملہ کی مذمت کی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ پرزور دیا۔ راج ناتھ سنگھ نے حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی مادھاپور علاقہ میں نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے )کے دفتر کا افتتاح کیا۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشت گرد گروپ داعش پر ریسرچ سل کے قیام کے لئے این آئی اے کی تجویز کو مرکزی حکومت نے منظوری دے دی ہے ۔موثر جانچ اور نگرانی کے مقصد سے این آئی اے میں 100نئے عہدے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے لئے رقومات کی فراہمی ایک اہم عنصر ہے ۔جس طرح این آئی اے نے اپنا رول ادا کیا ہے اس کے نتیجہ میں پہلے کے مقابلہ دہشت گرد ی کے لئے فنڈس کی فراہمی میں کمی آئی ہے ۔این آئی اے اور دیگر ایجنسیوں کی کوششوں کے سبب ہی جعلی ہندوستانی کرنسی نوٹوں کی گشت میں کمی ہوئی ہے ۔انہوں نے این آئی اے کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ سزا یابی کی شرح 92فیصد کو 100فیصد کریں۔انہو ں نے حیدرآباد سے ہی گوہاٹی کے این آئی اے دفتر کا بھی افتتاح کیا۔این آئی اے کے حیدرآباد دفتر کا دائرہ اختیار جنوبی ہند کی تین اہم ریاستیں تلنگانہ ،اے پی اور کرناٹک ہوگا۔ملک کی خودمختاری،یکجہتی اور سلامتی کو متاثر کرنے والے جرائم کی جانچ کے لئے 19جنوری 2009کو این آئی اے نے اپنی سرگرمیوں کاآغاز کیا تھا۔ملک میں این آئی اے موجودہ طورپر مرکز ی انسداد دہشت گردایجنسی کے طور پرکام کر رہی ہے ۔این آئی اے آفس و ریزیڈنشیل کامپلکس کی تعمیر 45کروڑ روپئے کے صرفہ سے عمل میں لائی گئی ہے ۔اس کا سنگ بنیاد 2016میں رکھا گیا تھا۔تقریب میں تلنگانہ کے وزیرداخلہ محمد محمود علی،این آئی اے کے ڈی جی مسٹر وائی سی مودی،آئی جی الوک متل نے بھی تقریب میں شرکت کی۔یواین آئی۔ا