عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کورکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کی درخواست ضمانت پر اپنا حکم محفوظ رکھا، جو کہ دہشت گردی کی فنڈنگ کے معاملے میں جیل میں ہیں، اور امکان ہے کہ وہ 4 ستمبر کو اپنا حکم سنائے گی۔ انجینئر رشید نے کیس میں باقاعدہ ضمانت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج(اے ایس جے) چندر جیت سنگھ نے ان کیمرہ سماعت(عوام کے لیے کھلا نہیں)کے دوران درخواست پر دلائل سنے اور اپنا حکم محفوظ کر لیا۔جج نے 20 اگست کو قومی تحقیقاتی ایجنسی کو نوٹس جاری کیا تھا اور اسے ہدایت دی تھی کہ وہ 28 اگست تک اپنی عرضی پر اپنا جواب داخل کرے۔5 جولائی کو عدالت نے رشید کو جموں و کشمیر کے بارہمولہ حلقہ سے لوک سبھا انتخابات جیتنے کے بعد عہدے کا حلف اٹھانے کے لیے حراستی پیرول دے دیا تھا۔رشید 2019 سے تہاڑ جیل میں ہے جب اسے NIA نے 2017 کے دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا۔اس کا نام کشمیری تاجر ظہور وٹالی کی تحقیقات کے دوران سامنے آیا، جسے این آئی اے نے وادی کشمیر میں دہشت گرد گروپوں اور علیحدگی پسندوں کی مالی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔این آئی اے نے اس کیس میں کشمیری علیحدگی پسند لیڈر یاسین ملک، لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین سمیت کئی لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔