عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کوکہا کہ دہشت گردی آخری سانسیں لے رہی ہے اور جموںوکشمیر سے جلد ٹیرر ایکو سسٹم کو ختم کریں گے۔لیفٹیننٹ گورنر ابھینو تھیٹر میں آل مائنارٹی ایمپلائیز ایسوسی ایشن آف کشمیر کے زیر اہتمام ابھینندن سماروہ میں شرکت کر رہے تھے۔ایل جی نےکہا’’دہشت گردی اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے اور ہم جلد ہی جموں و کشمیر کی سرزمین سے دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کر دیں گے۔ امن اور ترقی نے لوگوں کی زندگیوں اور معیار زندگی میں معیاری تبدیلی لائی ہے‘‘۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کے اقلیتی ملازمین کی فلاح و بہبود اور قائم ادارہ جاتی طریقہ کار کے ذریعے ان کے تمام خدشات کو فوری طور پر دور کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انکاکہناتھا کہ انتظامیہ سماج کے ہر طبقے کی ضروریات اور خواہشات کے تئیں حساس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عام آدمی کے خوابوں کو پورا کرنا، لوگوں کی امنگوں کو کامیابی کی نئی بلندیاں فراہم کرنا ہے اور ہر شخص کو ترقی یافتہ ہندوستان میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یو ٹی انتظامیہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور لوگوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز کہاکہ کشمیری پنڈتوں کو دہشت گردی کی وجہ سے وادی چھوڑنی پڑی۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں حالات بہتر ہو چکے ہیں ، دہشت گردی اپنے آخری مرحلے میں ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں وکشمیر کے حوالے سے جو فیصلے لئے اس سے یہاں سبھی فرقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اپنا حق ملا ہے۔منوج سنہا نے کہا :’’وادی مشکل وقت سے گزری ہے تاہم اب حالات بہتر ہو چکے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہی ہمارا مشن ہے اور بہت جلد جموں وکشمیر سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔ان کے مطابق کشمیری پنڈتوں کو دہشت گردی کی وجہ سے ہی وادی چھوڑنا پڑی۔ منوج سنہا نے کہاکہ دبائو میں آکر کشمیری پنڈتوں کو اپنی جائیداد چھوڑنا پڑی لیکن میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ اب حالات کافی بہتر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کی خاطر کشمیری پنڈتوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ایل جی منوج سنہا کے مطابق کچھ عناصر راجوری اور پونچھ میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم انہیں اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ سرکار نے پی ایم پیکیج و دیگر ملازمین کے حقیقی مسائل حل کرنے کی اور خصوصی توجہ مرکوز کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’جموں اور سری نگر میں کچھ لوگ اپنے بیانات بدلتے رہتے ہیں‘‘۔ ایل جی نے کہاکہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں منوج سنہا کو جموں وکشمیر میں الیکشن لڑنا ہے لیکن میں انہیں یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ مجھے یہاں کوئی الیکشن نہیں لڑنا ہے۔منوج سنہا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ہی یونین ٹریٹری سے واپس چلا جاوں گا ۔انہوں نے انتظامیہ کی طرف سے تمام ضروری تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ باز آبادکاری محکمہ کی طرف سے رجسٹرڈ 5163 نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور لگن کو خود روزگار کے لیے مواقع فراہم کیا جا سکیں۔