راجوری/سمیت بھارگو/پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن میںدہرہ کی گلی کے قریب جنگلاتی علاقے میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد علاقے میں موجود مشتبہ ملی ٹینٹوں کو پکڑنے کے لئے بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے مارہا گائوں میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز کے ذریعہ ایک محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔آپریشن مشتبہ نقل و حرکت اور دہشت گردی کی موجودگی کی کچھ اطلاعات پر شروع کیا گیا تھا۔آپریشن کے دوران، حکام نے بتایا، جمعہ کو صبح 4 بجے کے قریب کئی گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں، فورسز کو شبہ ہے کہ اس وقت کچھ مشتبہ حرکت ہوئی تھی۔علی الصبح سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کو علاقے میں پہنچا دیا گیا اور گھیرے میں لے لیا گیا۔حکام نے بتایا”اس علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی شروع کی گئی جو اب بھی جاری ہے” ۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج اور پولیس کے اعلیٰ افسروں نے آپریشنل صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا۔آپریشن کی جگہ ڈی کے جی کے جنگلات کے ساتھ واقع ہے جہاں 22 دسمبر کو ایک مہلک حملہ ہوا تھا جس میں ڈی کے جی – بفلیاز روڈ پر دنر موڑ کے مقام پر ایک فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا، جس میں فوج کے چار اہلکار ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے تھے۔گھنے جنگلات پر مشتمل علاقے کو سخت ٹپوگرافک حالات، گھنے پودوں، خاص طور پر سڑک کے رابطے، موبائل ٹیلی کمیونیکیشن کی کمی کے لحاظ سے ایک چیلنجنگ مقام سمجھا جا رہا ہے۔