نئی دہلی /ہندستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر قومی اور بینالاقوامی کھلاڑیوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے بین الاقوامی کرکٹ سے وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ پر کہا ہے کہ انہوں نے ملک کے لئے جو کیا وہ ہمیشہ سب کے دل میں رہے گا۔اپنی کپتانی میں ہندوستان کو دو بار عالمی چمپیئن بنانے والے دھونی نے ہفتے کی شام بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا۔ دھونی کے ریٹائر ہونے کے فورا بعد ہی ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر سریش رینا نے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔کوہلی نے ٹویٹ کیا کہ ہر کرکٹر کو ایک دن اپنا سفر ختم کرنا ہوتا ہے لیکن پھر بھی جب آپ کے قریب سے کوئی شخص یہ فیصلہ کرتا ہے تو آپ زیادہ جذباتی ہوجاتے ہیں۔ آپ نے ملک کے لئے جو کیا وہ ہمیشہ سب کے دل میں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے آپ سے جو اعزاز ملا ہے وہ ہمیشہ میرے دل میں رہے گا۔ دنیا نے کامیابیوں کو دیکھا ہے ، میں نے اس شخص کو دیکھا ہے ۔ شکریہ سب کچھ کے لئے کیپٹن۔ کپتان نے رینا کو مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعلی کیریئر کے لئے مبارکباد بھاویش ۔ مستقبل کے لئے گڈ لک۔۔۔۔۔ٹیم انڈیا کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ روی شاستری بھی ان کی قابلیت کا اعتراف کرتے ہیں۔ شاستری نے کہا کہ دھونی وکٹ کے پیچھے اس قدر تیز تھے کہ ان کے ہاتھ اسٹمپنگ اور رن آؤٹ کے معاملے میں کسی بھی جیب تراش سے تیز چلتے تھے ۔